وزیراعظم شہباز شریف کا ہزارہ الیکٹرک کمپنی، مانسہرہ میڈیکل کالج بنانے کااعلان

50 / 100

مانسہرہ(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وزیراعظم شہباز شریف کا ہزارہ الیکٹرک کمپنی، مانسہرہ میڈیکل کالج بنانے کااعلان ، کہتے ہیں اللہ نے مجھے موقع دیا تو خیبر پختونخوا کو پنجاب بنا کر چھوڑوں گا،عمران خان نے اپنے دور میں صرف باتیں کی ہیں کہیں ترقیاتی کام نہیں کئے۔

مانسہرہ جلسہ سے خطاب میں شہبازشریف نے لوگوں سے کہا کہ اب آپ نے فیصلہ کرنا ہے ملک کو ترقی دینے والا نوازشریف منتخب کرنا ہے یا وہ یو ٹرن ماسٹر جس نے ملک کو مہنگائی دی ۔

عمران خان نے نوکریوں کے جھوٹے دعوے کئے ۔انھوں نے کہا ہزارہ کے لوگ اسی موٹروے سے گزرتے ہیں جو کہ نواز شریف نے بنائی ہے،عوام کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ انہوں نے ترقی دینے والا نوازشریف اور مجھے منتخب کرنا ہے یا یوٹرن ماسٹر۔

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ہزارہ کے لوگ روز موٹروے سے گزرتے ہیں تو نوازشریف کو یاد کرتے ہیں، آج میں بھی اسی گزرگاہ سے گزرا تو میں نے کہا واقعی نوازشریف اس ملک کا معمار ہے۔

انھوں نے کہا ملتان سکھر موٹروے 2016 نوازشریف نے شروع کی اور اسے اپنے ہی دور میں مکمل کیا، یہ وہ منصوبے ہیں جو سی پیک کے تحت بنائے گئے، مجھے موٹروے دیکھ کر احساس ہوا کہ نوازشریف نے پاکستان کو ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار کرنے کے لئے کتنی محنت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ابھی تیل اور پیٹرول کی قیمتیں مجبوری سے دل پر پتھر رکھ کر بڑھانی پڑیں، لیکن ساتھ ہی ہم نے ڈیڑھ کروڑ گھرانوں کو سبسڈی کا بھی اعلان کیا، یہ سب عمران نیازی کی وجہ سے ہوا جس نے جاتے ہوئے یہ جال بچھایا۔

شہباز شریف نے کہا میں نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر 10 کلو آٹے کا تھیلا 400 روپے کا کردیا ہے، میں نے دو ہفتے پہلے کہا تھا کہ اگر کے پی حکومت آٹے کی قیمت کم کرتی ہے تو ٹھیک ورنہ میں خود کے پی میں بھی آٹے کی قیمت یہی رکھوں گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں وزیراعلیٰ کے پی سے ایک بار پھر اور آخری بار درخواست کرتا ہوں کہ صوبے میں آٹے کو سستا کیا جائے، ورنہ میں خود اپنے کپڑے بیچ کر یہاں آٹا سستا کروں گا۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ اللہ نے کہا ہے کہ صبح نماز کے بعد رزق کے لئے نکلو اور رزق تلاش کرو، میں دن رات محنت کروں گا، میں یہاں میڈیکل کالج کا اعلان کررہا ہوں، ایک ارب روپے کا بھی اعلان کرتا ہوں تاکہ آپ کے مسائل حل ہوں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا یہاں بجلی کا بہت بڑا مسئلہ ہے میں ہزارہ کی اپنی الیکٹرک کمپنی کا اعلان کرتا ہوں تاکہ یہاں بجلی ان کی اپنی ہو اور ان کے بجلی کے مسائل حل ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات ہورہے ہیں، 30 سے 35 فیصد ووٹرز کا ٹرن آؤٹ ہونا بلوچستان کی تاریخ میں ایک خوش آئند خبر ہے، اس سے ثابت ہوا کہ وہاں اور ملک میں سیکیورٹی کا نظام بہترین ہورہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ میں سب کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ عمران نیازی جو مجھے گالیاں دیتا ہے میں تمام طالبعلموں کو لیپ ٹاپ دے کر جواب دوں گامیں وہ زبان استعمال نہیں کروں گا۔

Comments are closed.