پرویز خٹک نے سرکاری رہائش خالی کرنے سے انکار نہیں کیا، مہلت مانگی ہے

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وزیردفاع پرویز خٹک کے سرکاری گھر خالی نہ کرنے کی خبر جھوٹی نکلی،پرویز خٹک نے سرکاری رہائش خالی کرنے سے انکار نہیں کیا، مہلت مانگی ہے پرویز خٹک نے وضاحت جاری کر دی۔

ذرائع کے مطابق حکومتی شخصیت کی فون کال پر میڈیا اداروں میں پرویز خٹک کی طرف سے منسٹر انکلیو میں سرکاری رہائش گاہ خالی کرنے سے انکار کی خبر چلوائی گئی.

اسٹیٹ آفس کی طرف سے ڈپٹی کمشنر کو لکھے ایک خط کو بنیاد بنا کر یہ خبر چلوائی گئی کہ سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے وزراء کالونی میں سرکاری بنگلہ خالی کرنے سے انکار کر دیا ہے.

اس سلسلے میں جب پرویز خٹک سے زمینی حقائق کی طرف سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے واضح کیا کہ میں نے انکار نہیں کیا بلکہ 25 مئی تک رہائش گاہ خالی کرنے کیلئے مہلت مانگی ہے.

پرویز خٹک کا کہنا تھاکہ 24 مئی کو وہ گھر خالی ہو گا جہاں میں نے شفٹ کرنا ہے اس لیے 25 مئی تک سرکاری رہائش گاہ خالی دوں گا اور میں نے اس صورتحال سے متعلقہ حکام کو آگاہ کر دیا ہے.

پرویز خٹک نے منسٹرانکلیو میں سرکاری رہائشگاہیں خالی کرنے سے انکار سے متعلق کہا کہ کون کہتا ہے میں نے انکار کیا ہے؟ انکار والی بات درست نہیں یہ پراپیگنڈا ہے.

انھوں نے واضح کیا کہ مجھے پتہ ہے 15 دن تک خالی کرنا ہوتا ہے لیکن کبھی کبھی دیر سویر بھی ہو جاتی ہے، پرویز خٹک نے بتایا کہ جب میں وزیربنا تھا تو سرتاج عزیزکا گھرخالی ہونے کیلئے 4 ماہ تک انتظار کیا تھا۔

واضح رہے کہ سابق وزیر دفاع پرویزخٹک اور سابق وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کی منسٹرانکلیو میں سرکاری رہائش گاہیں خالی کرنے سے انکار کی خبریں سامنے آئی تھیں.

کوشش کے باوجود سابق وفاقی وزیر نورالحق قادری سے رابطہ نہیں ہو سکا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ بھی متبادل گھر میں شفٹ ہونے والے ہیں.

Comments are closed.