وزیراعظم شہباز شریف 3 روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیراعظم شہباز شریف 3 روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں ، ای سی ایل سے نام نکلنے کے بعد سابق فاٹا سے رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ بھی وزیراعظم کے وفد میں شامل ہیں۔

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے، میڈیا پر تنقید کے بعد سرکاری وفد کم کردیاگیا، وزیراعظم کے ہمرا ہ روانہ ہونے والوں میں بلاول بھٹو، خواجہ آصف، خالد مقبول ، مریم اورنگزیب شامل ہیں۔

چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادے چوہدری سالک حسین بھی وفد کا حصہ ہیں جب کہ وفاقی وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب بھی وزیراعظم کے وفد کا حصہ ہیں، پاکستانی وفد نے شام کو مدینہ منورہ پہنچنا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف سعودی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری جیسے تعلقات کو فروغ دینے کے علاوہ سعودی عرب میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کی جانب سے مسلسل اعلیٰ سطح کے دورے ان خصوصی تعلقات کی اہم خوبی ہیں۔ وزیراعظم کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان کثیر جہتی تعلقات اور شراکت داری کو مزید مضبوط ہوں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم دورے میں مجموعی طورپر ساڑھے 7 ارب ڈالر کے پیکج پربات کریں گے اور سعودی عرب سے رواں سال کے آخرتک4 ارب ڈالرکی ادائیگیاں مؤخرکرنے کی درخواست کریں گے۔

وزیراعظم سیف ڈپازٹ کے طورپرمزید2 ارب ڈالرپاکستان کے اکاؤنٹ میں رکھوانے کی درخواست کریں گے جب کہ مؤخر ادائیگیوں پرتیل کی فراہمی ایک ارب ڈالرسے بڑھا کر 2 ارب ڈالرکرنے کی درخواست کی جائے گی۔

Comments are closed.