کرناٹک میں حجاب والی طالبات کو پھر امتحان دینے سے روک دیاگیا

فوٹو : فائل

بنگلور(ویب ڈیسک) کرناٹک میں حجاب والی طالبات  کو پھر امتحان دینے سے روک دیاگیا، یہ احکامات حالیہ کچھ عرصہ میں پیش آنے والی حجاب ایشو کا تسلسل ہے۔

بھارتی ریاست کرناٹک میں 12 ویں جماعت کے امتحانات میں 6 طالبات کو حجاب پہننے کی وجہ سے کمرہ امتحان میں داخل ہونے سے روک دیا گیا، انھیں حجاب اتارنے کا کہا گیا جب انھوں نے ایسا نہ کیا تو انھیں واپس کردیاگیا.

اس حوالے سے بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیاہے کہ ریاست کرناٹک میں 12 ویں جماعت کے امتحانات ہو رہے ہیں اور مسلم دشمن کرناٹک حکومت نے ہائی کورٹ کے فیصلے کو بنیاد بناتے ہوئے باحجاب طالبات کو امتحان میں بیٹھنے نہیں دیا۔

کرناٹک ضلع کے یدگیر میں ایک امتحانی مرکز میں 6 طالبات کو حجاب اتارنے کا حکم دیا گیا تاہم طالبات نے منع کردیا جس پر انتظامیہ نے لڑکیوں کو واپس گھر بھیج دیا۔

اس سے قبل کرناٹک کے شہر اوڈوپی میں حجاب پر پابندی کے خلاف پٹیشن دائر کرنے والی طالبہ عالیہ اسدی کو بھی ساتھی طالبہ کے ہمراہ امتحان دینے سے روک دیا گیا تھا۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما نے دھمکی دی ہے کہ اگر ان طالبات نے دوبارہ حجاب پہن کر امتحانی سینٹر یا کالج میں داخل ہونے کی کوشش کی تو توہین عدالت کے تحت کارروائی ہوگی۔

کرناٹک میں ہی ایک طالبہ نے طلبہ کی طر ف سے روکنے کی کوشش پر جواب میں نعرے لگائے تھے جس کے بعد حجاب کے ایشو کو دنیا بھر میں دیکھا گیا اور اس کے بعد بھارت میں حجاب کے خلاف مزید کارروائیاں شروع کردی گئیں۔

Comments are closed.