فیصل آباد سے 3 ،ہزارہ سے2 پی ٹی آئی ارکان اسمبلی مستعفی نہ ہوئے

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) تحریک انصاف کے 31ارکان اسمبلی جھنوں نے استعفے دینے سے انکار کیا، فیصل آباد سے 3 ،ہزارہ سے2 پی ٹی آئی ارکان اسمبلی مستعفی نہ ہوئے۔

قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے تحریک انصاف کے 123 ارکانِ قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرلیے ہیں تاہم ان میں یہ اکتیس اراکین شامل نہیں ہیں جو منحرف ہو کر دوسری طرف کے حامی بن گئے۔

قاسم سوری نے استعفے منظوری کا بتاتاے ہوئے ساتھ یہ بھی وضاحت کی تھی کہ تحریک انصاف کے 125 ارکان کے استعفے موصول ہوئے تھے تاہم دو ارکان کی جانب سے استعفوں کی تصدیق نہیں کی گئی۔

بتا یا گیا تھا کہ خیبر پختونخوا کے ضلع بٹگرام کے رکن قومی اسمبلی پرنس محمد نواز خان اور اورکزئی ایجنسی کے جواد حسین نے سپیکر کو اپنے استعفوں کی تصدیق نہیں کی۔

قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے 155 ارکانِ ہیں جن میں سے 31 ارکان نے استعفیٰ دینے سے انکار کیا ہے۔ قائم مقام سپیکر قاسم سوری خودبھی تاحال رکن قومی اسمبلی ہیں۔

تحریک انصاف کے پنجاب سے 20، خبیر پختونخوا سے چار، سندھ سے دو، بلوچستان سے ایک جبکہ تین خواتین اور ایک اقلیتی رکن قومی اسمبلی نے بھی استعفی نہیں دیا۔

پنجاب کے ضلع جہلم سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی فرخ الطاف نے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفی نہیں دیا۔ فرخ الطاف سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے کزن ہیں۔

بھکر سے افضل ڈھانڈلہ، سرگودھا سے چوہدری عامر سلطان، چنیوٹ سے میر غلام محمد لالی، فیصل آباد سے عاصم نذیر، نواب شیر وسیر اور راجا ریاض نے ابھی تک قومی اسمبلی کی نشستوں سے استعفے نہیں دیے۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ سے ریاض فتیانہ، جھنگ سے غلام بی بی بھروانہ، ساہیوال سے رائے مرتضیٰ اقبال، ملتان سے احمد حسین ڈیہڑ، رانا قاسم نون، بہاولنگر سے عبدالغفار وٹو، سید سمیع الحسن گیلانی، رحیم یار خان سے سید مبین احمد، مظفر گڑھ سے مخدوم سید باسط بخاری اور عامر طلال گوپانگ نے مستعفی ہونے سے انکار کردیا ہے۔

ڈی جی خان سے محمد امجد فاروق، راجن پور سے سردار محمد جعفر خان لغاری اور سردار ریاض محمود نے استعفے نہیں دیے،سندھ سے محمد میاں سومرو، عامر لیاقت حسین،رمیش کمار اور اکرم چیمہ نے استعفے نہیں دیے۔

خیبر پختونخوا کے ضلع بٹگرام سے منتخب ہونے والے پرنس محمد نواز، مانسہرہ سے صالح محمد خان، پشاور سے نور عالم خان اور اورکزئی ایجنسی سے ایم این اے جواد حسین بھی مستعفی نہیں ہوئے۔

بلوچستان سے میر خان محمد جمالی مستعفی نہیں ہوئے جبکہ قائم مقام سپیکر قاسم سوری استعفوں کی منظوری کے باعث تاحال مستعفی نہیں ہوئے۔
خواتین ارکان اسمبلی میں جویریہ ظفر آہیر، وجیہہ اکرام اور نزہت پٹھان نے بھی مستعفی نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

Comments are closed.