وزارتوں کی تقسیم کا فارمولہ تیار، وزیر خارجہ کے نام پر اتفاق نہ ہوسکا

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)کابینہ کی تشکیل پر وزارتوں کی تقسیم کا فارمولہ تیار، وزیر خارجہ کے نام پر اتفاق نہ ہوسکا، کابینہ سازی کیلئے بنائی گئی کمیٹی نے تقسیم کا فارمولہ پیش کردیا۔

ذرائع کے مطابق خصوصی کمیٹی نے اپنی رپورٹ وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کردی، پیپر ورک میں مسلم لیگ ن کو 13، پیپلزپارٹی کو 10 اور جے یو آئی ف کو 3 وزارتیں دینے کا فیصلہ کیا گیاہے۔

ذرائع کا کہناہے کہ وزیراعظم شہباز شریف وزراء کے ناموں کو حتمی فہرست میں لانے کیلئے پیپلز پارٹی سمیت دیگر اتحادی جماعتوں سے مشاورت کررہے ہیں۔

پاور شیئرنگ فارمولے کے مطابق ایم کیو ایم، بی اے پی اور دیگر اتحادیوں کو بھی ان کی نشستوں کے مطابق نمائندگی دینے کا فیصلہ ہوا ہے جب کہ بلوچستان سے شاہ زین بگٹی اور پی ڈی ایم کے علی وزیر کو بھی کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔

قومی اسمبلی کے اسپیکر کا عہدہ پیپلزپارٹی کو دیا جا رہا ہے۔ قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ جمعیت علمائے اسلام کو دیا جائے گا۔ پہلے مرحلے کی وفاقی کابینہ کل شام یا پرسوں حلف اٹھائے گی۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کو وزیر خارجہ بنانا چاہتی ہے جب کہ ن لیگ کے بعض سینئر رہنماوں کا موقف ہے کہ اس وزارت کیلئے تجربہ کا ہونا ضروری ہے اور ن لیگ سے خواجہ آصف کا نام زیر غور ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارتوں پر اختلاف کے باوجود معاملات سنبھال لئے جائیں گے کیونکہ حکمران اتحاد اس بات سے آگاہ ہے کہ وہ کن حالات میں برسر اقتدار آئے ہیں اس لئے وزارتوں پر معاملات بگڑنے کاامکان کم ہے۔

Comments are closed.