ترُک ریڈکریسنٹ کے اشتراک سے 100مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) ہلالِ احمر پاکستان اور ترُک ریڈکریسنٹ کے اشتراک سے 100مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا۔ اِس حوالے سے تقریب نیشنل ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی جس میں ترُکی کے سفیر احسان مصطفی یرُداکُل، ہلالِ احمرکے چیئرمین ابرار الحق، ترُک ریڈ کریسنٹ کے ہیڈ ابراہیم کارلوس اور دیگر حکام موجود تھے۔

ملک بھر میں 750 مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کیا جائے گا، اِس اقدام کے تحت2000 افراد کو مختلف جگہوں پر افطار پیکس بھی تقسیم کیے جائیں گے۔مستحق اور ضرورت مندوں میں راشن تقسیم کرنے کی تقری منعقد ہوئی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ابرار الحق نے کہا کہ ہلالِ احمربلا امتیاز انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتا ہے۔ہمارے تربیت یافتہ رضاکاراور عملہ کسی بھی ناگہانی آفت میں سب سے پہلے پہنچتے ہیں اور آخری متاثرہ شخص کی مدد کو یقینی بنا کر واپس لوٹتے ہیں۔

ترُکی کے سفیراحسان مصطفی یرُدا کُل کا کہنا تھا کہ راشن کی تقسیم مستحق لوگوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی ہے۔یہ دونوں براردر ملکوں کے درمیان مثالی تعاون کی بھی عملی تصویر ہے۔ترُکی اور پاکستان نے ہر آڑے وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کیا ہے۔

ترُکی کے سفیر نے انسانیت کی خدمت کیلئے ہلالِ احمرکے اقدامات کی بھی تعریف کی۔بعدازاں ہلالِ احمر پاکستان نے بھارہ کہوکے مضافاتی علاقے پنڈ بیگوال میں شمسی توانائی سے چلنے والے واٹرفلٹریشن پلانٹ کا بھی افتتاح کیا،قرب و جوار کی25ہزار نفوس پر مشتمل آبادی کو پینے کا صاف پانی میسر آئے گا۔

ہلالِ احمر پاکستان کے چیئرمین ابرارالحق کا کہنا تھا کہ آج خوشی کا دِن ہے، ہم دیہی علاقوں میں بھی پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔صاف اور شفاف پانی کے استعمال سے بیماریوں کاخاتمہ ہوگا۔

دستک سکول میں منعقدہ تقریب میں چیئرمین ہلالِ احمر ابرارالحق نے یوسی 7- کے عمائدین کو ہلالِ احمرکی تاریخ اور اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے ٹیوب ویل اور فلٹریشن پلانٹ کیلئے اراضی عطیہ کرنے پر اہلِ علاقہ کا شکریہ ادا کیا۔شمسی توانائی کے سسٹم سے 200 سٹریٹ لائٹس کیلئے مفت بجلی کی فراہمی میسر آئے گی۔

اِس موقع پر آئی ایف آرسی کے ہیڈ آف ڈیلیگیشن پی وی پیٹر،سیکرٹری جنرل ہلال ِاحمر ڈاکٹرعدیل نواز، یوسی 7 پنڈبیگوال کے چیئرمین راجہ قیصرغفار، افکار قریشی، شمس پرویز قریشی، نعمان قریشی، کونسلر صوبیدار منگت خان، کونسلر ساجد محمود ودیگر لوگ موجود تھے۔افتتاح کے موقع پر دعا بھی کی گئی۔

Comments are closed.