عمران خان سیاسی بحران پیداکرکے ملٹری رول چاہتے ہیں، بلاول بھٹو

اسلام آباد (زمینی حقائق ڈاٹ کام) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے عمران خان سیاسی بحران پیداکرکے ملٹری رول چاہتے ہیں، بلاول بھٹو کا کہنا تھا
کہ عمران خان شفاف الیکشن سے ڈرتے ہیں ، وہ سلیکٹڈ ہیں جو پہلے بھی فیض یاب ہوئے اور اب دوبارہ فیض یاب ہونا چاہتے ہیں۔

قومی اسمبلی میں عدم اعتماد تحریک کےلئے ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےبلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسپیکر صاحب آپ نہ صرف توہین عدالت کررہے ہیں بلکہ آئین شکنی بھی کررہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ عدالت نے آپ کو پابند کیا ہے خلاف ورزی کرکے آپ بھی نااہل ہوسکتے ہیں، عدالت کا فیصلہ آیا ہے کہ آج ووٹنگ کرائی جائے لیکن آپ کا کپتان بھاگ رہا ہے، اگر آج ووٹنگ نہ ہوئی تو ہم یہاں سے نہیں جائیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اسپیکر صاحب آپ بھی ان جرائم میں شامل ہوں گے، آپ سے قبل جو صاحب (شاہ محمود قریشی) تقریر کر رہے تھے انہوں نے ہی کپتان کو پھنسایا ہے، میں نے وزیراعظم کو وارننگ دی تھی کہ شاہ محمود قریشی سے بچ کررہنا۔

بلاول نے کہا کہ اگر پاکستان کے خلاف کوئی سازش سات مارچ سے قبل ہورہی تھی تو ان کی غیرت اسی وقت جاگنی چاہیے تھی، اپنے اتحادیوں سے کہتے کہ کسی سازش کا حصہ نہ بنیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے سوال کیا کہ عمران خان کو اس سازش کا خیال صرف اس وقت آیا جب وہ اکثریت کھو بیٹھے، عمران خان آج بھی ایوان میں موجود نہیں اور اپنا دفاع نہیں کرسکتے۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ یہاں اسپیکر کو قربانی کا بکرا بنایا گیا ہے، عمران خان سو بار کوشش کرلیں وہ بھٹو نہیں بن سکتے، وہ سیاسی شہید نہیں بن سکتے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اتنا تماشا کرنا چاہتے ہیں کہ سیاسی بحران پیدا ہو آمریت سامنے آجائے اور ملٹری رول ہوجائے، عمران خان پہلے بھی سلیکٹڈ تھے اور ایک بار پھر سلیکٹ ہوکر آنا چاہتے ہیں۔

Comments are closed.