وزیر دفاع پرویز خٹک کا ق لیگ سے منسوب بیان سے اظہار لاتعلقی

53 / 100

فوٹو : فائل

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وزیر دفاع پرویز خٹک کا ق لیگ سے منسوب بیان سے اظہار لاتعلقی، ٹوئٹر پر وضاحت میں کہا کہ میں نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا ہے.

اس سے قبل یہ رپورٹ ہوا تھا کہ تحریک انصاف نے ق لیگ کو وزارت اعلٰی دینے سے انکار کر دیا، وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا پانچ سیٹوں پر وزیراعلیٰ بنانے کا مطالبہ بلیک میلنگ ہے.

 

پرویز خٹک نے اتحادی جماعت ق لیگ کے رہنما مونس الہی کو تحریک انصاف کے موقف سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم پانچ سیٹوں پر وزیراعلیٰ بنانے کا مطالبہ پورا نہیں کر سکتے۔

اس حوالے سے نجی ٹی وی سماء نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے مسلم لیگ قائداعظم (ق) کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ دینے سےانکار کر دیا ہے۔

وزیرِ دفاع پرویز خٹک نے ق لیگی رہنما اور وفاقی وزیر مونس الہی کو دو ٹوک انداز میں کہا ہے کہ ہم تو 5 سیٹوں پر وزیراعلیٰ نہیں بنا سکتے، ن لیگ بناتی ہے تو بن جائیں۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ق لیگی رہنما وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کے بیانات کو بھی تحریک انصاف کی قیادت نے توہین آمیز قرار دے دیا۔

پرویز خٹک نے کہا کہ طارق بشیر چیمہ کی جگہ کوئی اور ہوتا تو کابینہ سے پہلے استعفیٰ دیتا، ہر مشکل میں بلیک میل کرنا مناسب رویہ نہیں ہے۔

ادھر وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کے بعد اپوزیشن کے حکومتی اتحادیوں سے رابطے جاری ہیں اور ہر اتحادی کو بڑی بڑی پیشکش دی جا رہی ہے۔

ایم کیو ایم نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو آج چائے کی دعوت پر مدعو کیا ہے.

Comments are closed.