لانگ مارچ23نہیں 25مارچ اسلام آباد آئے گا،چند روز ٹھہریں گے، فضل الرحمان

54 / 100

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کل کا اعلان ریورس کردیا،لانگ مارچ23نہیں 25مارچ اسلام آباد آئے گا،چند روز ٹھہریں گے، فضل الرحمان کاکہنا ہے کہ23مارچ کو لانگ مارچ کے قافلے اسلام آباد داخل نہیں ہوں بلکہ25مارچ کو جائیں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ ہمارے سب کے مہمان ہیں اور ان کا احترام ہم پر لازم ہے،او آئی سی کے وزرائے خارجہ کی موجودگی میں اسلام آباد داخل نہیں ہوں گے۔

مولانا نے واضح کیا کہ وہ 24 مارچ تک اسلام آبادمیں موجود ہوں گے اور ہم نہیں چاہتے کہ ان کے احترام میں کسی قسم کا کوئی فرق آئے اور اسلام آباد میں ان کی موجودگی اور ان کے آنے جانے میں کسی قسم کی مشکلات آئیں۔

انھوں نے کہا اسی لئے 23 مارچ کو لانگ مارچ کے قافلے اسلام آباد میں داخل ہونے سے گریز کریں تاکہ مہمانوں کو بھی کسی طرح کی مشکل درپیش نہ ہو اور ترتیب کا سب لوگ خیال کریں گے ۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ہم کوئی اور دوسری مثال نہیں دینا چاہتے ہیں، پوری دنیا کے مہمان ہمارے مہمان ہوتے ہیں اور ہم سب کا فرض ہے کہ ان کو احترام دیں، 25 کو ہم نے ہدف بنایا ہے کہ مغرب تک اسلام آباد میں داخل ہونا شروع ہوں گے۔

پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا پھر ہم چند دن رہیں گے، ایسا نہیں ہے کہ ہم جائیں گے اور یہ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا جا رہا ہے،پرویز الٰہی سے متعلق سوال پر کہا جو انھوں نے کہہ دیاہے اس پر یقین کرنا چایئے۔

انہوں نے کہا کہ صورت حال گھنٹوں کے اندر اور کل تک بڑی واضح ہوجائے گی، اتحادی ان کے ساتھ نہیں رہ سکیں گے، ان کے آپس کے تعلقات تقریباً ٹوٹ چکے ہیں، ان کے اپوزیشن سے مزاکرات جار ی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دعوت دینے کے لیے میں کل خود آصف زرداری کی خدمت میں حاضر ہوں گا، میاں افتخار صاحب کہہ رہے ہیں کہ میرے آنے کے بعد آپ کی دعوت مکمل ہوچکی ہے اور پوری جماعت کی طرف سے آئیں گے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد واپس لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور اب تک ایسی کوئی تجویز سامنے نہیں آئی،انہوں نے کہا کہ ہمارا حکومت کے جلسے سے مقابلہ نہیں ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہاہم تو کئی مہینے پہلے 23 مارچ کا اعلان کرچکے ہیں اور آج بھی ہم اسی کا اعادہ کر رہے ہیں تاکہ قوم کو ایک نئی آواز کے ساتھ بلایا جائے اور 23 مارچ کا وہی لانگ مارچ ہوگا۔

Comments are closed.