عوام کو پتہ ہے زرداری اور شریف عمران سے کیوں خوفزدہ ہیں؟ شاہ محمود

50 / 100

فوٹو: اسکرین گریب

ئاسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے ہمارے اتحادی تجربہ کار سیاستدان ہیں ، بہکاوے میں نہیں آئیں گے، شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے بحیثیت سیاسی کارکن مجھے اور میری جماعت کو اپنے اتحادیوں پر مکمل اعتماد ہے۔

شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں کہاعوام کو پتہ ہے زرداری اور شریف عمران سے کیوں خوفزدہ ہیں؟ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمارے اتحادی بہت وضع دار لوگ ہیں انہوں نے ہر مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا، وہ اپوزیشن کی سب چالوں کو سمجھتے ہیں اور ان کے ماضی سے بھی آگاہ ہیں۔

وزیر خارجہ نے آرٹیکل چھ کے ذکر پر کہا بلاول بھٹو زر داری سے پوچھتا ہوں کہ جب آپ اور آپ کے ابو نوٹوں کے تھیلے لیے ممبران کے دروازوں پر جا کر کہہ رہے ہیں کہ اپنی وفاداریاں تبدیل کریں تو یہ حلف سے روگردانی نہیں؟

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آئین کی روح کو آپ اور آپ کے والد متاثر کر رہے ہیں، ان غیر آئینی ہتھکنڈوں سے باز رہیں، مت بھولیے اس میں ایسے لوگ بھی ہیں جنہوں نے ہمیں آ کر بتایا ہے کہ آپ ان کے ساتھ کیا گفتگو کررہے ہیں۔

انھوں نے کہا بلاول بھٹو زرداری نے الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ عدم اعتماد میں اپنا کردار ادا کریں، میری بلاول سے گزارش ہے کہ یہ قومی اور آئینی ادارے ہیں انہیں سیاست میں نہ گھسیٹیں، قومی اداروں کو سیاست میں قید کرنا ان کے شایان شان نہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول لوگوں کو خریدنے کے لیے رابطے کر رہے ہیں، پاکستان کے باشعور عوام سمجھتے ہیں کہ کہ ان کے ان بولی الائنس کا شیرازہ بہت جلد بکھر جائے گا، کیونکہ ان کا کوئی ایک نظریہ اور ایک سوچ نہیں ہے۔

انھوں نے ایک بار پھر الزام لگایا کہ یہ 30،30 ہزار روپے دے کر لوگوں کو سندھ سے لائے کیا لے کر آئے اور کیا دے کر گئے، کیا بلاول نے پیپلزپارٹی کی آئیڈیالوجی کو مولانا کی آڈیالوجی میں ضم کر دیا ہے، ن لیگ کی اپنی سوچ ہے۔

شاہ محمود نے کہا اگر آپ کا خیال ہے کہ مریم آپ کو مستقبل کا لیڈر سمجھتی ہیں تو یہ آپ کی غلط فہمی ہے، آپ کا نہ نظریہ، نہ قیادت اور نہ منشور ایک ہے، پاکستان کا ہر ذی شعور شہری سمجھ چکا ہے،لوگ اس بات کی تہہ تک پہنچ چکے ہیں کہ آپ عمران خان سے خوفزدہ کیوں ہیں۔

وزیرخارجہ نے کہاکہ اس وقت ایک گرد اڑی ہوئی ہے میں اس گرد کے اندر سے دیکھ رہا ہوں کہ لوگ اس عدم اعتماد کے اصل محرکات کو پہچان گئے ہیں، آج بڑی بڑی آفرز کی جا رہی ہیں، کیا جن کو آفر کی جا رہی ہیں وہ آپ کے ماضی سے غافل ہیں؟

انھوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ انشاء اللہ یہ ناکام ہوں گے اور انہیں عنقریب شدید مایوسی ہو گی، عدم اعتماد تحریک کا بھرپور سیاسی جمہوری اور آئینی انداز میں مقابلہ کریں گے، اور انہیں شکست دیں گے۔

Comments are closed.