خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات موخر کرنے کا فیصلہ معطل

53 / 100

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات موخر کرنے کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے فریقین کو نوٹسز جاری کردیے۔

خیبرپختونخوا میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات پشاور ہائی کورٹ کے ایبٹ آباد بنچ نے موخر کر دئیے تھے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیا تھا جس نے ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا.

سپریم کورٹ میں جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس عائشہ ملک نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں الیکشن کمیشن کے وکیل اور دیگر حکام عدالت میں پیش ہوئے۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ پشاور ہائیکورٹ ایبٹ آباد بینچ نے الیکشن کمیشن کو سنے بغیر بلدیاتی انتخابات کا شیڈول مؤخر کر دیا.

یکم فروری کی سماعت کا نوٹس دو فروری کو موصول ہوا اور الیکشن کمیشن کو نوٹس ملنے تک ہائیکورٹ بلدیاتی انتخابات مؤخر کر چکا تھا، یہ بھی کہ پانچ اضلاع میں انتخابی شیڈول مؤخر کرنے کی درخواست پر 18 اضلاع کا الیکشن موخر کر دیا گیا۔

شکایت گزاروں کے وکیل نے استدلال کیا کہ موسمی حالات کے پیش نظر 27 مارچ کو انتخابات نہیں ہو سکتے۔ الیکشن کمیشن کی اپیل پر جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ کو فیصلے سے پہلے الیکشن کمیشن کا مؤقف سننا چاہیے تھا.

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کو الیکشن کمیشن نے دیکھنا تھا عدالت نے نہیں، ہائی کورٹ کو فیصلہ دینے کی اتنی جلدی کیا تھی؟

عدالت نے صوبے میں بلدیاتی انتخابات مؤخر کرنے کا پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔ واضح رہے کہ پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن نے بھی سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔

Comments are closed.