اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 43رنز سے ہرادیا

9 / 100

کراچی( زمینی حقائق ڈاٹ کام) اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 43رنز سے ہرادیا، اسلام آباد نے پہلے پہاڑ جتنا ٹوٹل کھڑا کیا بعد میں کپتان شاداب خان نے 5وکٹیں لے کر گلیڈی ایٹرز کی کمر توڑ دی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔

اسلام آبادیونائیٹڈ کے اوپنرز نے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو چار اوورز میں 55 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، جیمز فالکنر نے 9 گیندوں پر 22 رنز بنانے والے ہیلز کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی۔

دوسرے اوپنر پال اسٹرلنگ نے جارحانہ کھیل جاری رکھتے ہوئے ایک اور نصف سنچری اسکور کی، وہ 28 گیندوں پر 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 58 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے ۔

یونائٹیڈ کے کپتان شاداب خان صرف 9رنز بنا سکے،اس کے بعد کولن منرو کا ساتھ دینے اعظم خان آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ایک بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔

دونوں کھلاڑیوں نے 52 گیندوں پر 92 رنز کی شراکت قائم کی جس کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے چار وکٹوں کے نقصان پر 229رنز کا پہاڑ جتنا بڑا ٹوٹل بنا لیا۔

اعظم خان 65 گیندوں پر 6 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 65رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ کولن منرو نے 39 گیندوں پر 5 چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 72 رنز کی اننگز کھیلی۔

ہدف کے تعاقب میں گلیڈی ایٹرز کے احسن علی نے جارحانہ انداز اپنایا لیکن دوسرے اینڈ سے پہلا میچ کھیلنے والے عبدل بنگلزئی جدوجہد کرتے نظر آئے اور وہ جلد حسن علی کے ہاتھوں آوٹ ہو گئے۔

اگلے اوور میں وقاص مقصود نے جیمز ونس کو کھاتا کھولنے سے قبل ہی چلتا کردیا،احسان خان نے 27 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیلی لیکن شاداب خان نے انہیں آوٹ کرکے گلیڈی ایٹرز کے بڑھتے قدم روک دیئے۔

شاداب کی عمدہ باؤلنگ کے سامنے گلیڈی ایٹرز کی مڈل آرڈر بیٹنگ لائن بالکل بے بس نظر آئی اور سرفراز احمد کے ساتھ ستھ افتخار احمد، بین ڈکٹ اور شاہد آفریدی بھی انہی کی وکٹ بن گئے۔

گلیڈی ایٹرز کی110 رنز پر 7 وکٹیں گرنے کے بعد محمد نواز کا ساتھ دینے جیمز فالکنر آئے اور دونوں نے مشکل وقت میں چند بڑے شاٹس کھیلتے ہوئے 76 رنز کی ساجھے داری قائم کی۔

بعد میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 186 رنز پر آؤٹ ہو گئی، نواز نے 47 اور فالکنر نے 30رنز کی اننگز کھیلی،اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں،کولن منرو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Comments are closed.