مری، لاٹھی چارج، سیاح بصارت سے محروم، تحقیقات کا حکم

47 / 100

مری (زمینی حقائق ڈاٹ کام) مری میں سیاحوں پر لاٹھی چارج کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے ایک سیاح کی آنکھ ضائع ہوگئی، متعدد افراد زخمی ہو کر اسپتالوں میں پہنچ گئے.

سال نو منانے کیلئے مری میں سیاحوں کا سیلاب اُمڈ آیا تھا خاص کر مال روڈ پر تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی اس دوران پولیس نے سیاحوں کو پیچھے دھکیلنے کے دوران لاٹھی چارج کردیا.

سال2022 کو خوش آمدیدکہنے اورنئے سال کی خوشیاں منانے سیاحوں کی بڑی تعداد ملکہ کوہسار مری پہنچی، مال روڈ پر تل دھرنے کی جگہ نہ رہی تھی.

ان میں بڑی تعداد منچلوں کی تھی جو ہر سال کی طرح اس باربھی نئے سال کا جشن منانے مری پہنچے تھے اور مال روڈ پر مٹر گشت کیلئے جمع ہو گئے تھے.

نیو ایئر نائٹ کے موقع پر پولیس کی 400 اضافی نفری بھی تعینات کی گئی تھی نیو ائیر نائٹ کا آغاز ہوتے ہی سیاحوں کے ہجوم کو پولیس کے کچھ اہلکاروں نے پیچھے دھکیلتے ہوئے اچانک لاٹھی چارج شروع کر دیا.

میڈیا رپورٹس کے مطابق لاٹھی چارج سے سیاحوں میں شدید بھگڈر مچ گئی متعددسیاح گر کر شدید زخمی ہوگئے جبکہ مبینہ طور پر لاٹھی چارج کے دوران ایک سیاح اپنی ایک آنکھ کی بینائی سے محروم ہوگیا.

آنکھ پر زخم والے شخص کو بینظیر اسپتال راولپنڈی منتقل کر دیا گیا جبکہ دیگر زخمی ہونے والے زخمی سیاحوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال مری پہنچایا گیا۔

مری کی مختلف کاروباری سیاسی، سماجی اور شہری تنظیموں نے شدید احتجاج کیا، ذرائع کے مطابق پولیس نے متعدد سیاحوں کو حراست میں بھی لے لیا.

رپورٹس کے مطابق دھکم پیل سے کئی سیاح بے ہوش ہو گئے، بھگدڑ کے دوران متعدد سیاح قیمتی موبائل اور سامان سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے واقعہ کے بعد مال روڈ پر سیاحوں کی تعداد کم ہو گئی.

ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد پولیس حکام نے رپورٹ طلب کر لی ہے تا کہ معلوم ہو سکے کہ پولیس کو لاٹھی چارج کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی.

Comments are closed.