ٹانک میں آپریشن، 2 دہشتگرد ہلاک،میر علی میں 4 اہلکار شہید ہوگئے

54 / 100

فوٹو : آئی ایس پی آر

راولپنڈی(زمینی حقائق ڈاٹ کام) ٹانک میں آپریشن، 2 دہشتگرد ہلاک،میر علی میں 4 اہلکار شہید ہوگئے. سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران مقابلے میں عصمت اللہ شاہین گروپ کے دو دہشت گرد دانیال اور شاہین عرف ذاکر مارےگئے۔

آئی ایس پی آر اعلامیہ کے مطابق ٹانک کے علاقے کوٹ کٹ میں سیکیورٹی فورسز اور خفیہ اداروں کی جانب سے ہائی ویلیو ٹارگٹڈ جائنٹ آپریشن جاری تھا کہ دہشت گردوں سے مقابلہ ہوگیا، فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مقابلے کے دوران عصمت اللہ شاہین گروپ کے دو دہشت گرد دانیال اور شاہین عرف ذاکر ہلاک ہوگئے ہیں، دونوں دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کی ٹارگٹ کلنگ اور اغواء برائے تاوان میں ملوث رہے ہیں.

اس دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ، کلاشنکوف اور ایمونیشن برآمد کئے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن علاقہ کوٹ کٹ میں کیا جارہا ہے.

آئی ایس پی آر اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ایک اور آپریشن میں سیکورٹی فورسز کی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر میر علی میں بھی کارروائی کی گئی.

میر علی میں کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد کو اسلحہ اور گولہ بارود سمیت گرفتار کر لیا گیا، جب کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 فوجی جوان شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء میں حوالدار منور عمر 40 سال سکنہ بہاولنگر، سپاہی ذکاء اللہ عمر 31 سال سکنہ لکی مروت، سپاہی فرحان عمر 34 سال سکنہ کوہاٹ اور سپاہی شیراز عمر 30 سال سکنہ ایبٹ آباد شامل ہیں۔

Comments are closed.