فراش ٹاون کے حقوق کیلئے ہر پلیٹ فارم پر جائیں گے ، جہانزیب عاصی

61 / 100

اسلام آباد( محمد فیصل راجپوت)فراش ٹاون کے سیاسی سماجی رہنما جہانزیب عاصی کہتے ہیں فراش ٹاون کے حقوق کیلئے ہر پلیٹ فارم پر جائیں گے ، جہانزیب عاصی نے کہا کہ فراش ٹاون کو یونین کونسل کا درجہ دلوانے کیلئے جدو جہد شروع کردی ہے۔

جہانزیب عاصی نے ‘زمینی حقائق ڈاٹ کام’کو دیئے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں کہا کہ اسلام آباد کے ترقیاتی ادارے کے ماڈل ویلیج فراش ٹاون کو بے شمار مسائل کا سامناہے، ان مسائل کے حل کیلئے پہلے بھی جدوجہد کی ہے اب بھی کریں گے۔

سابق کونسلر کے امیدوار جہانزیب عاصی نے کہا کہ اس بار میں دوستوں اور برادری کی مشاورت سے چیئرمین کا انتخاب لڑوں گا میں نے پہلے بھی 500ووٹ حاصل کئے تھے لیکن اس وقت ایک سیاسی چال کے زریعے مجھے ہرایا گیا تھا۔

انھوں نے کہا کہ فراش ٹاون میں پانی کے مسلہ سمیت دیگر مسائل کے حوالے سے میری اپنے حلقہ کے رکن قومی اسمبلی راجہ خرم شہزاد نواز سے ملاقات رہتی ہے ، اگرچہ یہ پانی کا منصوبہ تاخیر کا شکار ہے لیکن مجھے امید ہے خرم نواز نے اگر ہم سے وعدہ کیا ہے تو وہ پورا ہوگا۔

انھوں نے کہاکہ بد قسمتی سے فراش ٹاون میں ٹیوب ویلز کیلئے مطلوبہ مقدار کا پانی نہیں ہے اس لئے اب بستی سے باہر جاپان ڈیم یا کسی اور جگہ سروے کی بات ہو رہی ہے، انھوں نے کہا کہ فراش ٹاون میں بجلی اور گیس کے میٹرز کی تنصیب بھی ایک مسلہ ہے کنیکشنز نہیں مل رہے۔

جہانزیب عاصی کا کہنا تھا کہ فراش ٹاون فیز ون میں ایک اہم سڑک اکھاڑ کر ٹھیکیدار نے چھوڑ دی ہے جس سے الٹا مقامی لوگوں کو دیگر مسائل کا سامناہے اس کے علاوہ بھی ترقیاتی کام رکے ہوئے ہیں ، ہم سی ڈی اے سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان کی تکمیل ممکن بنائیں۔

فراش ٹاون میں مالکان حقوق کیلئے ہونے والے سروے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مجھے اس سے زیادہ امید نہیں ہے، جہانزیب عاصی نے کہا کہ یہ سروے سروے ہی رہے گا، ہم اس پر ٹھوس پیش رفت چاہتے ہیں ، پہلے کی طرح ایک بار پھر چیئر مین سی ڈی اے سے ملاقات کریں گے۔

جہانزیب عاصی نے’زمینی حقائق ڈاٹ کام’کے سوال کے جواب میں کہا کہ فراش ٹاون میں ویلفیئر تنظیم فراش ٹاون ویلفیئر ایسوسی ایشن لوگوں کے کام کے چھوٹے چھوٹے کام کروانے اور لوگوں کے دکھ درد میں شرکت یقینی بنانے کیلئے بنائی ہے۔


انھوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں جب فراش ٹاون میں ووٹوں کا اندراج ہو رہا تھا تو ہم نے الیکشن کمیشن کی ٹیم کی معاونت سے لوگوں کے ووٹ بھی بنائے ہیں لیکن یہ عمل مکمل نہیں ہوا، انھوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ ووٹ اندراج کی تاریخ میں توسیع کی جائے۔

جہانزیب عاصی نے کہا کہ بدقسمتی سے 5ہزار500سے زائد ووٹ رکھنے والی بستی فراش ٹاون کا الیکشن کمیشن کے نقشے میں وجود نہیں ہے، سیاسی لوگوں نے اپنے مفاد کیلئے اسے پنجگراں اورسکنال میں تقسیم کردیاہے جو کہ فراش ٹاون کے ساتھ زیادتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہہ ہم نے فراش ٹاون کی حلقہ بندی اور اسے یونین کونسل بنانے کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کرلیاہے اور اس مقصد کیلئے ہر پلیٹ فارم پر جائیں گے،کیونکہ اگر فراش ٹاون یونین کونسل بن گئی تو فراش ٹاون کے مسائل یوسی کی سطح پر ہی حل ہو سکتے ہیں۔

جہانزیب عاصی کا کہنا تھا کہ فراش ٹاون کے اپنے منتخب نمائندے ہوں گے تو انھیں مسائل بتانے کی ضرورت نہیں ہوگی، اس موقع پر جہانزیب عاصی نے رکن قومی اسمبلی خرم نواز پر بھی اعتماد کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی ان مسائل کے حل میں سنجیدہ ہیں ۔

Comments are closed.