پاکستان اور بھارت آوٹ، جاپان اور جنوبی کوریا فائنل میں پہنچ گئے

53 / 100

فوٹو: سوشل میڈیا

ڈھاکا(ویب ڈیسک) پاکستان اور بھارت آوٹ، جاپان اور جنوبی کوریا فائنل میں پہنچ گئے، پاکستان ٹیم ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں شکست کھا گئی.

جنوبی کوریا نے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کو 5-6 سے شکست دی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں جاپان نے بھارت کو 3 کے مقابلے میں 5 گولوں سے ہرا دیا۔

جنوبی کوریا نے سیمی فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دیکر ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ۔

سیمی فائنل کے اختتامی لمحات میں جب پانچ منٹ باقی تھےکوریا نے فیصلہ کن گول کرکے پاکستان کو ایونٹ سے باہر کردیا، کوریا کی جانب سے جینگ نے ہیٹ ٹریک کرتے ہوئے چار گول کیے۔

میچ کے شروع میں پاکستان کے کپتان عمر بٹہ نے گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی لیکن اس کے بعد کوریا کو لگاتار دو پنالٹی اسٹروکس ملے، دوسرے کوارٹر میں چار گول ہوئے.

پہلے جنید منظور نے گول کرکے مقابلہ 2-2 گول سے برابر کیا لیکن کوریا نے پنالٹی کارنر کو گول میں بدل کر پھر سے ایک گول کی برتری حاصل کرلی۔

اس دوران پاکستان ایک اور گول کرنے میں کامیاب ہوا لیکن بیک اسٹک لگنے کی وجہ سے امپائر نے گول نہ دیا البتہ کچھ ہی لمحہ بعد پاکستان کے افراز نے خوبصورت گول کرکے مقابلہ 3-3 گول سے برابر کردیا۔

دوسرے کوارٹر کے اختتام سے چند منٹ پہلے کوریا نے پھر گول کرکے مقابلہ 3-4 کردیا،آخری کوارٹر میں پہلے کوریا نے گول کرکے برتری دگنی کردی لیکن پاکستان کے مبشر علی نے لگاتار دو گول کرکے پھر سے مقابلہ 5-5 گول سے برابر کردیا۔

سیمی فائنل کے اختتام سے صرف پانچ منٹ قبل کوریا نے پنالٹی کارنر پر گول کردیا جو فیصلہ کن ثابت ہوا اور کوریا نے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

دوسری طرف دوسرے سیمی فائنل میں جاپان نے بھارت کو 3-5 سے ہراکر فائنل کےلیےکوالیفائی کرلیا، ایشین ہاکی چیمپئنزٹرافی کا فائنل کوریا اور جاپان کے درمیان کھیلا جائے گا۔

Comments are closed.