پاکستان ایشین ہاکی چیمپینز ٹرافی کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا

55 / 100

فوٹو: اے ایف پی

ڈھاکہ(ویب ڈیسک) پاکستان ایشین ہاکی چیمپینز ٹرافی کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا اہم میچ میں بنگلادیش کو دو کے مقابلے میں چھ گول سے ہرا دیا۔

پاکستان نے ڈھاکا میں جاری ایشین چیمپینز ٹرافی کے آخری گروپ میچ میں بنگلادیش کے خلاف میچ بڑے مارجن سے جیتا، میزبان ٹیم نے پاکستان کے خلاف پہلے کوارٹر میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا.

بنگلہ دیش نے 13ویں منٹ میں پاکستان کے خلاف ایک گول کی برتری بھی حاصل کرلی، لیکن اگلے ہی منٹ میں ندیم احمد نے گول بنا کر مقابلہ برابر کر دیا۔

دوسرے کوارٹر میں ٹیم پاکستان نے حریف ٹیم کے گول پر متعدد حملے کرتے ہوئے پے در پے 3 گول کر کے بنگلہ دیش کو دفاعی کھیل کھیلنے پر مجبور کر دیا.

تیسرے کوارٹر میں بھی پاکستان نے مزید دو گول کئے جبکہ میزبان ٹیم نے بھی ایک گول بنایا، لیکن میچ پاکستان نے 6/2 سے جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی، ندیم احمد اور اعجاز احمد نے دو دو گول بنائے۔

یہ رواں ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 2021 میں پاکستان کی پہلی کامیابی ہے اور اس کے ساتھ ہی قومی ٹیم نے ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بھی بنالی۔

ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ جنوبی کوریا سے جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں بھارت اور جاپان کی ٹیمیں فائنل تک رسائی کیلئے مد مقابل ہوں گی.

Comments are closed.