پاکستان کے دورہ کیلئے آسٹریلوی کھلاڑی بے چین ہیں،ٹم پین

47 / 100

دبئی ( زمینی حقائق ڈاٹ کام )آسٹریلوی ٹیسٹ کے کپتان ٹم پین نے کہا ہے پاکستان کے دورہ کیلئے آسٹریلوی کھلاڑی بے چین ہیں اور بعض دورے کے حوالے سے ماہرین کی رپورٹ پر مطمئن ہو جائیں گے۔

دورہ پاکستان پر گفتگو کرتے ہوئے ٹم پین نے کہاکہ کسی بھی ملک کے دورے سے قبل تمام معاملات پر بات ہوتی ہے، بات چیت میں جب درست جواب ملتے ہیں تو آرام دہ محسوس کرتے ہیں۔

کپتان ٹم پین نے کہا ہے کہ انہیں سیکیورٹی تحفظات دور ہونے پر پاکستان کا دورہ کرکے خوشی ہوگی تاہم دورے کے حوالے سے کچھ کہنا ابھی قبل ازوقت ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ بعض کھلاڑی سیکیورٹی ماہرین کی رائے سے بھی بڑھ کر مزید جاننا چاہیں، اگر دیانتداری سے کہا جائے تو ہوسکتا ہے کہ چند کھلاڑی دورے پر جانے سے گھبرائیں۔

آسٹریلوی کپتا ن جو کہ2017 میں ورلڈ الیون کے ساتھ پاکستان میں کھیلنے آئے تھے نے پاکستان کی سیکیورٹی کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان میں جو سیکیورٹی ملی وہ زندگی میں نہیں دیکھی۔

انھوں نے کہا کہ اس وقت فضا میں ہیلی کاپٹرز، پانچ کلومیٹرز تک سڑکیں بند، چیک پوائنٹس سخت سکیورٹی حصار سب کچھ غیر معمولی تھا، اگلے برس پاکستان میں جاکر کھیلنے کے حوالے سے ہر کھلاڑی کو ذاتی طور پر فیصلہ کرنا ہے۔

ٹم پین نے کہا کہ سیکیورٹی کے بارے میں سب کو مطمئن ہوناہے۔ اگر ہم پاکستان جاکر کھیلتے ہیں یہ بہت اچھی بات ہوگی، کچھ کھلاڑیوں میں پاکستان میں کھیلنے سے متعلق بے چینی پائی جاتی ہے۔

ٹم پین کاکہنا ہے کہ بات چیت کے بعد بہترین ٹیم بنانے کی کوشش کرتے ہیں، سیکیورٹی معاملے میں ہر کوئی انفرادی طور پر فیصلہ کرتا ہے،
ہم کھیل کی ترقی کا حصہ اور پاکستان جیسے ملک میں کھیلنا چاہتے ہیں ۔

Comments are closed.