نیوزی لینڈ کا ایک وار، افغانستان اور انڈیا ورلڈ کپ سے آوٹ کردیا

47 / 100

فوٹو: آئی سی سی

ابوظہبی( زمینی حقائق ڈاٹ کام)نیوزی لینڈ ٹی 20 ورلڈ کپ میں گروپ کے آخری میچ میں بیک وقت افغانستان اور بھارت کو ورلڈ کپ سے آوٹ کردیا،افغانستان کی شکست کے ساتھ انڈینز کی امیدیں بھی دم توڑ گئیں۔

ابوظہبی میں کھیلے گئے گروپ کے آخر ی میچ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، کویز نے 125 رنز کا ہدف 19 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

نیوز ی لینڈ کی طرف سے ڈیون کونوے 36 اور کین ولیمسن 40 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہیں،نیوزی لینڈ کے پہلے آوٹ ہونے والے کھلاڑی ڈیرل مچل تھے وہ 17 رنز بنا کر مجیب الرحمان کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔

مارٹن گپٹل 28 رنز بنا کر راشد خان کی گیند پر بولڈ ہوگئے تاہم اس کے بعد افغانستان کی ٹیم وکٹ کو ترستی رہی لیکن کیویز بیٹرز نے افغانستان اور بھارت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

اس سے قبل افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت نہ ہوا اور انہوں نے 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے،افغانستان کی جانب سے نجیب اللہ زدران نے سب سے زیادہ 73 رنز بنائے، ٹرینٹ بولٹ نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

افغانستان نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو تیسرے اوور میں ہی ایڈم ملنے نے محمد شہزاد کو پویلین واپس بھیج دیا، وہ صرف چار رنز بنا سکے،اس سے اگلے ہی اوور میں حضرت اللہ زازئی بھی ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔

افغانستان کو تیسرا نقصان رحمان اللہ گرباز کی وکٹ کا اٹھانا پڑا وہ چھ رنز بنا کر ٹم ساوتھے کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے،اس کے بعد گلبدین نائب اور نجیب اللہ زدران کے درمیان 37 رنز کی شراکت ہوئی۔

اس کے بعد نائب کو اش سوڈھی نے بولڈ کر دیا، انہوں نے 15 رنز بنائے،نجیب اللہ زدران اور محمد نبی کے درمیان 59 رنز کی شراکت داری ہوئی جس کے بعد نبی 14 رنز بنا کر ٹم ساوتھے کی گیند پر آوٹ ہوگئے۔

اس سے اگلے اوور میں بولٹ نے نجیب اللہ زدران اور کریم جنت کو بھی پویلین واپس بھیج دیا،آٹھویں آوٹ ہونے والے کھلاڑی راشد خان تھے وہ تین رن بنا کر جیمی نیشم کا شکار بنے۔

واضح رہے کہ آج کے میچ کے نتیجے کا انڈین شائقین کو بھی شدت سے انتظار تھا لیکن نیوزی لینڈ کی جیت کے ساتھ ہی انڈیا کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات ختم ہو گئے ہیں۔

بھارت کی ٹیم اب ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کیلئے نمیبیا سے اپنا آخری میچ کھیلے گی اور امید ہے کوہلی الیون اسکاٹ لینڈ کی طرح نمیبیا پر اپنا غصہ اتاریں گے اور پھر انڈیا واپس چلے جائیں گے۔

Comments are closed.