نیوزی لینڈ سے بھی شکست کے بعد بھارت سیمی فائنل کیلئے اگر مگر کا شکار

47 / 100

دبئی( سپورٹس رپورٹر)بھارت کو پاکستان کے بعد نیوزی لینڈ نے بھی 8وکٹوں کے بڑے فرق سے ہرا کر ورلڈ کپ کی دوڑ سے تقریباٰ آوٹ کردیاہے جس کے بعد بھارتی ٹیم سیمی فائنل تک رسائی کی دوڑ میں اگر مگر میں پھنس گئی ہے۔

نیوزی لینڈ نے بھارت کی طرف سے جیت کیلئے دیا گیا111رنز کا ہدف 15ویں اوور میں حاصل کرلیا،کیوی ٹیم کے اوپنر مارٹن گپٹل 20 رنز بنانے کے بعد بھمرا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

جب کہ ڈیرل مچل 49 رنز بنا کر آوٹ ہوئے، کیوی کپتان کین ولیمسن نے آؤٹ ہوئے بغیر 33 رنز سکور کیے،بھارت کی طرف سے دونوں وکٹیں بمرا نے حاصل کیں۔

اس سے قبل پہلے کھیلتے ہوئے بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز سکور کیے،ہر دیک پانڈیا23رنز بنا کر آوٹ ہوئے جب کہ روہت شرما ایک بار پھر اچھی بیٹنگ کرنے میں ناکام رہے۔

بھارت کی طرف سے کے ایل راہُل اور اشان کشن نے اننگز کا آغاز کیا تھا،اوپنر اشان کو ٹرینٹ بولٹ نے کیچ آؤٹ کرایا جبکہ کے ایل راہُل 18 رنز بنانے کے بعد اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں ساؤدی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی روہت شرما رہے جن کو اش سودھی نے آؤٹ کیا۔ انہوں نے 14 رنز بنائے،کپتان وراٹ کوہلی بھی چھکا لگانے کی کوشش میں سودھی کی ہی گیند پر آؤٹ ہوئے،انہوں نے9 رنز سکور کیے۔

انڈین بلے باز رشبھ پنت کیویز باولرز کی پانچویں وکٹ بنے،روندرا جدیجہ نے 19 گیندوں پر 26 رنز بنائے،نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ نے چار اوورز میں 20 رنز دے کر تین جبکہ اش سودھی نے چار اوورز میں 17 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔

میچ سے قبل انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی نے بتایا کہ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں۔ کمر درد میں مبتلا سوریا کی جگہ اشان کشن کو کھلایا گیا جبکہ بھونشور کمار کی جگہ شیردل ٹھاکر کھیلے،پاکستان گروپ ٹو میں تین میچ کھیل کر اور تینوں میں کامیابی حاصل کر کے پہلے نمبر پر ہے۔

بھارت کو نہ صرف اب اپنے بقیہ تینوں میچز بہترین مارجن کے ساتھ جیتنے ہیں بلکہ نیوزی لینڈ کیخلاف نمیبیا یا اسکاٹ لینڈ کی اپ سیٹ شکست کیلئے بھی دعاگو ہے۔ کوہلی الیون نیٹ رن ریٹ پر افغانستان سے بھی ٹکراؤ کو ترجیح نہیں دے گی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کو پہلے پاکستان نے ہرایا، پھر نیوزی لینڈ نے شکست دی۔ جس کے بعد گروپ ٹو کے پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے، افغانستان 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسری، نیوزی لینڈ 2 پوائنٹس کے ساتھ تیسری اور نمیبیا 2 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر ہے۔

پاکستان نے اگلے دو میچز نمیبیا اور اسکاٹ لینڈ سے کھیلنا ہیں اور دونوں میں سے ایک میچ جیت کر بھی پاکستان سیمی فائنل میں پکا ہوجائے گا۔ اب سوال یہ ہے کہ بھارت کیسے پہنچے گا؟

اس کے لیے سب سے پہلے تو اسکو اپنے تینوں میچز جیتنا ہیں، پھر تینوں میچز ایسے جیتنا ہیں کہ اسکا نیٹ رن ریٹ بھی بہتر ہو،بھارت کے اگلے تین میچز اسکاٹ لینڈ، افغانستان اور نمیبیا کیخلاف ہیں، جبکہ نیوزی لینڈ نے بھی ان ہی تینوں حریفوں کیخلاف کھیلنا ہے۔

اگر نیوزی لینڈ تینوں میچز جیت گیا تو بھارت کو گھر واپسی کرنی ہوگی، اس لیے کوہلی الیون چاہے گی کہ کوئی ایک ٹیم نیوزی لینڈ کو اپ سیٹ شکست ضرور دے، لیکن وہ ٹیم افغانستان نہ ہو۔

Comments are closed.