وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کردی

8 / 100

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام ) وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کردی ہے جس کے ساتھ ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کاخطرہ پندرہ دن کیلئے ٹل گیاہے ۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز منظور نہیں کی ہے۔

اعلامیہ کے مطابق اوگرا نے پیٹرولیم کی بڑھتی عالمی قیمتوں کے باعث قیمتیں بڑھانے کی تجویزدی تھی لیکن وزیراعظم نے تجویزکردہ اضافہ مسترد کرکے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کی ہدایت کردی ہے۔

یہ بھی بتایا گیاہے کہ حکومت عالمی سطح پربڑھتی مہنگائی کا بوجھ عوام پر ڈالنے کی بجائے ان کو ریلیف دینے کو ترجیح دے رہی ہے لہٰذا اوگراکے تجویز کردہ حالیہ اضافے کی مد میں عوام پربوجھ کو حکومت خودبرداشت کرے گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اوگرا نے یکم نومبر سے پیٹرول کی قیمت 11 روپے 53 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 8 روپے 49 پیسے مہنگا کرنے کی تجویز دی تھی۔

یہی نہیں بلکہ اوگرا کی جانب سے مٹی کا تیل 6 روپے 29 پیسے اور لائٹ ڈیزل 5 روپے 72 پیسے مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔

Comments are closed.