شاباش بابر اینڈ کمپنی، صرف جیت نہیں ، مکمل صفایا کیا، بگ تھری کی مبارکباد

53 / 100

فوٹو: فائل

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام ) پاکستان کے تین بڑوں صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت سیاسی رہنماؤں نے پاکستان کی بھارت کے خلاف شاندار فتح پر قومی ٹیم کو مبارک باد دی ہے۔

http://

ٹوئٹر پر پیغا م میں صدر مملکت عارف علوی نے قومی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شاباش گرین شرٹس، صرف جیت ہی نہیں بلکہ مکمل صفایا کیا، 10 وکٹوں سے میچ جیت لیا، ہمیں آپ پر فخر ہے، ایک اچھا میچ تھا مزا آگیا، پاکستانیوں آپ سب کو مبارک ہو۔

وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹر پر میچ دیکھتے ہوئے تصویر شیئر کی اور قومی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم کو مبارکباد اور بابر اعظم کو جنہوں نے ٹیم کو فرنٹ سے لیڈ کیا، رضوان اور شاہین آفریدی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔

http://

ڈی جی آئی ایس پی آر کے ٹویٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو شاندار کامیابی پر انہیں مبارک باد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ہمارے لیے باعث فخر ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ شاہینوں نے یادگار کھیل کا مظاہرہ کرکے پوری قوم کے دل جیت لیے، بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین آفریدی سمیت پوری ٹیم کو عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

http://

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد بھی پیچھے نہ رہے اور اپنے پیغام میں کہا کہ آج روایتی حریف سے میچ تھا، ہمارا فائنل آج تھا، پوری قوم کو فتح مبارک ہو، پاکستانی ٹیم نے پوری جرات سے ولولے، اور بہادری سے میچ جیتا، انتظامیہ کو ہدایت دے دی ہے کہ کنٹینرز ہٹا دیں اور لوگوں کو جشن منانے دیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ یہ پہلا پاک بھارت میچ ہے جو گراؤنڈ میں بیٹھ کر نہیں دیکھ سکا، مجھے میچ دیکھے بغیر ملک واپس آنا پڑا، ٹیم نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ، آج ہماری ٹیم نے سب کے دل جیت لیے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم نے ٹی 20 کی تاریخ بدل دی، فواد چوہدری
وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے دبئی سے جاری اپنے بیان میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم، قوم کی دعاوں اور کھلاڑیوں کی محنت سے آج پاکستان کرکٹ ٹیم نے فتح حاصل کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں تاریخ بدل دی، تمام کھلاڑیوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی کی پرفارمنس زبردست رہی، وکٹ کیپر محمد رضوان کو سو کیچ مکمل کرنے اور شاہین آفریدی کو مین آف دی میچ قرار دینے پر خصوصی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

Comments are closed.