آزاد کشمیر ضمنی الیکشن، میر پور میں پی ٹی آئی، کوٹلی میں پیپلز پارٹی کامیاب

47 / 100

فوٹو: فائل سوشل میڈیا

مظفر آباد(شہزاد شفیع )آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی نے ایک ایک نشست جیت لی مسلم لیگ ن کو ایک بار پھر ناکامی کا سامنا کرنا پژاہے۔

میر پور اور کوٹلی کے دو حلقوں میں ضمنی انتخابات ہوئے ایل اے 3 میرپور میں تحریک انصاف کامیاب ہوگئی جب کہ ایل اے 12 کوٹلی میں غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار نے فتح حاصل کرلی۔

پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہا، پولنگ کے دوران سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے فوج کو بھی تیار رہنے کا حکم دیا گیا تھا۔

ایل اے 3 میر پور میں اصل مقابلہ پی ٹی آئی کے یاسر سلطان چوہدری، مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد سعید اور پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد اشرف کے درمیان ہوا ، جو کہ پی ٹی آئی کے کامیابی پر اختتام ہوا۔

پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار یاسر سلطان چوہدری نے 20 ہزار 142 ووٹ لے کر میدان مار لیا جب کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری سعید نے 11 ہزار 608 ووٹ حاصل کیے۔

حلقہ ایل اے 12 کوٹلی میں پیپلز پارٹی کے عامر یاسین، پی ٹی آئی کے شوکت فرید ایڈووکیٹ اور راجہ ریاست خان مد مقابل تھے، جہاں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار عامر یاسین 24335ووٹ لیکر کامیاب ہوئے ، پی ٹی آئی کے شوکت فرید18858 ووٹ لے سکے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے گزشتہ عام انتخابات میں ایل اے 3 میر پور سے پی ٹی آئی کے بیرسٹر سلطان محمود کامیاب ہوئے تھے تاہم بعد میں وہ آزاد کشمیر کے صدر منتخب ہوگئے تھے جس کے باعث یہ نشست خالی ہوئی تھی۔

کوٹلی میں پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے اپوزیشن لیڈر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری محمد یاسین 2 حلقوں ایل اے 10 اور 12 سے کامیاب ہوئے تھے، انہوں نے ایل اے 12 چھوڑ دی تھی۔

Comments are closed.