بلوچستان میں زلزلہ، 21افراد جاں بحق،200سے زائد زخمی

54 / 100

کوئٹہ( زمینی حقائق ڈاٹ کام)بلوچستان میں 5.9شدت کے زلزلہ سے تباہی ، مختلف شہروں میں شدید جھٹکوں سے 21افراد جاں بحق اور200سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ضلع ہرنائی اور بلوچستان کے متعدد علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تین بج کر دو منٹ پر محسوس کیے گئے ہیں، رات کا اندھیرا ہونے کے سبب نقصان کا درست اندازہ نہیں لگایا جاسکا۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز ہرنائی کے قریب تھا جبکہ گہرائی 15 کلومیٹر تھی، کوئٹہ ،سبی ،ہرنائی، پشین، قلعہ سیف اللہ ،چمن ،زیارت، ژوب سمیت کئی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ۔

http://

ابتدائی اطلاعات میں پی ڈی ایم اے کی طرف سے کہا گیا ہے کہ زلزلے سے 20 افراد جاں بحق جبکہ مکانات کی چھتیں گرنے سے 300 افراد زخمی ہوئے۔

ڈپٹی کمشنر ہرنائی کے مطابق ہرنائی میں کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ ملبے تلے کئی افراد دب گئے ہیں اور علاقے میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوچکی ہے، لیویز اور ریسکیو ٹیمیں لوگوں کی مدد کیلئے روانہ کردی گئیں ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پرہرنائی میں 70 سیزائد مکانات کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں جب کہ وزیر داخلہ بلوچستان ضیااللہ لانگو نے زلزلے کے نتیجے میں 15 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی۔

وزیر داخلہ بلوچستان کے مطابق پی ڈی ایم اے نے کوئٹہ سے ہیوی مشینری، ریسکیو ٹیمیں روانہ کردی ہیں، زیارت، قلعہ سیف اللہ اور سبی میں بھی نقصانات کی اطلاعات ہیں۔
جاری ہے

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ میں بھی تصدیق کی گئی ہے کہ زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر پانچ اعشاریہ نو تھی جبکہ زمین میں اس کی گہرائی پندرہ کلومیٹر تھی، زلزلے کا مرکز بلوچستان کے علاقے ہرنائی کے قریب تھا۔

رپورٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر ہرنائی سہیل انور ہاشمی نے بی بی سی کو بتایا کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں،ہرنائی میں لیویز فورس کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ ہرنائی شہر اور دیگر علاقوں میں زلزلے سے متعدد گھر گر گئے ہیں جہاں سے لوگوں کو نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔

صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے فون پر بی بی سی کو بتایا کہ زلزلے کی وجہ سے ہرنائی میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے اور ضلع میں ایمرجنسی نافذ کر کے امدادی سرگرمیوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے کو متحرک کرکے ہیوی مشینری ہرنائی کے لیے روانہ کردی گئی ہے، بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ۔

رپورٹ کے مطابق ہرنائی میں سول ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر منظور نے فون پر بتایا کہ زلزلے کی وجہ سے پانچ بچے بھی جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ درجنوں افراد زخمی ہیں، انھوں نے بتایا کہ بعض شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے۔

رات کوزلزلے کی خوف کی وجہ سے لوگ گھروں سے باہر نکل گئے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی جس کا مقصد لوگوں کو زلزلہ کے پیش نظر نیند سے جگانا تھا۔

کوئٹہ، ہرنائی اور گرد و نواح میں نقصانات کی اطلاع کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمیت تمام مراکز صحت میں ڈاکٹرز اور عملہ ہنگامی بنیادوں پر طلب کر لیا گیا ۔

Comments are closed.