سمندری طوفان مکران کی طرف مڑ گیا، کراچی میں شدید بارش کا خطرہ ٹل گیا

8 / 100

کراچی( زمینی حقائق ڈاٹ کام)کراچی میں طغیانی کے باعث طوفانی بارشوں کا خطرہ ٹل گیا، وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے تاہم ممکنہ طوفان کا رخ مکران کی ساحلی پٹی کی جانب ہوگیا ہے بلوچستان میں طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کر دی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اب کراچی میں طوفانی بارش کا امکان نہیں، بلوچستان میں ہوسکتی ہے، ڈیپ ڈپریشن سندھ کی ساحلی پٹی سے دور ہوتا جائے گا، شہر میں درمیانے سے تیز درجے کی بارش متوقع ہے۔

ڈیپ ڈپریشن جنوب مغرب کی سمت بڑھ رہا ہے، ڈیپ ڈپریشن گوادر سے ہوتا ہوا عمان کی جانب بڑھ جائے گا۔ ڈیپ ڈپریشن اس وقت کراچی سے 160، ٹھٹھہ سے 140 کلو میٹردور ہے۔ ممکنہ سمندری طوفان کا رخ مکران کی ساحلی پٹی پر ہے۔

بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان کے تیزی سے کراچی کی طرف بڑھنے کے باعث آج کراچی شہرمیں عام تعطیل کااعلان کیاگیا۔

کمشنر کراچی نے موسمی صورتحال کے پیش نظر آج شہر میں عام تعطیل کا اعلان کیاہے آج کراچی میں تمام سرکاری دفاتر اور کاروبار بند رہیں گے، ان سے قبل وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ نے بھی صوبے بھر میں آج تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

دوسری طرف ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے رات گئے کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، ضلع جنوبی کے مختلف علاقوں میں نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو تیزی سے انتظامات کی ہدایات دیں۔

رپورٹس کے مطابق سمندری طوفان کے تیزی سے کراچی اور سندھ کے بعض علاقوں میں بڑھنے کے باعث اگلے چند گھنٹوں میں سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں طوفانی ہواوں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

شمال مشرقی بحیرہ عرب میں ٹراپیکل سمندری طوفان کے باعث محکمہ موسمیات نے تیسرا الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور بدین میں 2 اکتوبر تک وسیع پیمانے پر بارشوں کا امکان ہے۔

کراچی کے علاوہ سندھ کے دیگر شہروں میں بھی انتظامات کئے جارہے ہیں کہ طوفان یا متوقع شدید بارشوں سے نقصانات نہ ہوں یا کم سے کم ہوں۔

Comments are closed.