نیوزی لینڈٹیم کو بھارت سے جعلی ای میل پردھمکی دی گئی، فواد چوہدری

49 / 100

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام )وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ سابق ترجمان ٹی ٹی پی احسان اللہ احسان کے نام سے جعلی فیس بک اکاونٹ بنا بھر اسی اکاوئنٹ نے دھمکیاں دی گئیں اورنیوزی لینڈ ٹیم کو کھیلنے سے منع اور واپس پہنچنے کی ہدایت آگئی۔

اسلام آباد میں وزیراطلاعات فواد چودھری اور وزیرداخلہ شیخ رشید کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے ساتھ دوشنبے میں تھا کہ اطلاع ملی نیوزی لینڈ نے دورہ منسوخ کردیا، ہم نے فیصلہ کیا کہ وزیراعظم کی تقریر تک انہیں یہ پیغام نہیں دیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ ہونے کے پس پردہ حقائق پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں موجود نیوزی لینڈ کی ٹیم کو جس جعلی ای میل کے ذریعیدھماکے سے مار دینے کی دھمکی دی گئی۔

انھوں نے بتایا کہ جعلی ای میل بھارت میں وی پی این استعمال کرکے آر ایم ایکس 1971 ڈیوائس سے بھیجی گئی تھی اور اس کی لوکیشن سنگاپور ظاہر ہورہی تھی۔

فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان کو ففتھ جنریشن وار کا سامنا ہے، پاکستان کے خلاف وار فیئر قائم کیا گیا ، طاقتور ایجنسیز اور ریاستیں یہ کھیل کھیلتی ہیں، ففتھ جنریشن وار میں لوگ استعمال ہوجاتے ہیں اور انہیں پتہ بھی نہیں چلتا، ہمیں یہ بھی پتہ ہے ہماری مخالفت کیوں ہے۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدی کا مزید کہنا تھا کہ 24 اگست 2021ء کو ماٹن گپٹل کی بیوی کو ایک ای میل آتی ہے جس میں کہا جاتا ہے کہ اگر گپٹل پاکستان گیا تو اسے قتل کردیا جائے گا۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے جانے سے پاکستان کو تنہا کرنے کا تاثر غلط ہے،ہمیں تنہا نہیں کیا جا سکتا، ہم پرعزم ہیں ، پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم بھی نہیں آئے گی۔ بھارت کے پڑوس میں کیمپ ختم ہوگئے، انہوں نے واویلا مچا رکھا ہے۔

شیخ رشیدنے کہا کہ انٹرل پول سے معاونت طلب کرنے کے بعد ہمیں جو تفصیلات موصول ہوئیں اس کے مطابق جعلی ای میل ایڈریس حمزہ آفریدی کے نام سے بنائی گئی اور اس کے 13 منٹ بعد دھمکی آمیز ای میل نیوزی لینڈ کی ٹیم کو بھیجی گئی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ جب نیوزی لینڈ کی ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ ہورہا تھا تب ایس سی او کا اجلاس جاری تھا اور وزیراعظم کی تقریب سے 15منٹ پہلے ہمیں اطلاع ملی لیکن مشاورت کے بعد فیصلہ کیا کہ وزیر اعظم کو فوری آگاہ نہیں کیا جائے تاکہ وہ پریشان نہ ہوں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ احسان اللہ احسان کے جعلی نام سے 19 اگست 2021 کو فیس بک پوسٹ سامنے آتی ہے جس میں نیوزی لینڈ اور اس کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ دورہ پاکستان منسوخ کردے کیونکہ آئی ایس کے پی نے ٹیم پر حملے کا منصوبہ بنایا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اس کے بعد 21 اگست 2021 کو بھارتی ویب سائٹ سنڈے گارڈین ابی نندن میشرا کے بیورو چیف نے ایک آرٹیکل شائع کیا نیوزی لینڈ ٹیم پاکستان میں دہشت گردی کا شکار ہوسکتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی بتایا کہ ابی نندن میشرا کے افغانستان کے سابق نائب صدر امراللہ صالح سے بہت قریبی تعلقات ہیں اور امر اللہ صالح پاکستان مخالف ہونے کے حوالے سے مشہور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ جس ای میل ایڈریس سے مارٹن گپٹل کی اہلیہ کو ای میل کی وہ کسی بھی سوشل میڈیا نیٹ ورک سے منسلک نہیں تھی، کسی ایس این ایم سے تعلق نہیں تھا، یہ ای میل ایڈریس 24 تاریخ رات 5 بجے بنایا گیا اور 11 بجے ان کی اہلیہ کو ای میل کی گئی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اس ای میل سے اب تک صرف ایک ہی ای میل کی گئی جو مارٹن گپٹل کی اہلیہ کو کی گئی تھی، دراصل ای سی پروٹون سرور سے کی گئی جس کی تفصیلات عام حالات میں دستیاب نہیں ہوتی اس لیے ہم نے انٹرپول سے اس ای میل سے متعلق معلومات طلب کی ہے۔

اس صورتحال کے باوجود نیوزی لینڈ ٹیم اپنا دورہ منسوخ نہیں کیا کیونکہ دونوں ممالک کی ایجنسیوں نے دھمکی پر مبنی ای میل کو جعلی قرار دے دیا تھا، نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان پہنچی اور انہیں غیر معمولی سیکیورٹی فراہم کی گئیں اور انہوں 13 تاریخ کو پہلی پریکٹس کی۔

انہوں نے کہا کہ 17 تاریخ کو جس دن میچ ہونا تھا، صبح کے وقت نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اپنی حکومت کا حوالہ دے کر کہا کہ سیکیورٹی خدشات ہیں اس لیے دورہ منسوخ کررہے ہیں، متعلقہ حکام نے کیویز ٹیم سے سیکیورٹی خدشات شیئر کرنے کا بھی کہا لیکن وہ اس بارے میں اتنے ہی نابلد تھے۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ جب ہم نے وزیر اعظم کو نیوزی لینڈ کے دورے سے متعلق آگاہ کیا اور ہماری درخواست پر عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم سے بات کی جس میں جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ اہم معلومات موصول ہوئی ہیں اور کھلاڑیوں کی حفاظت سب سے اہم ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ میں یہ پیغام لے کر آیا ہوں کہ ہم زندہ قوم ہیں اور تنہا نہیں کیے جا سکتے، ہمیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، آنے والے دن پاکستان کے ہیں اور وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو مزید ترقی دینے کے لیے کوشاں رہیں گے۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی پاکستان سے واپسی کے بعد انگلش کرکٹ بورڈ نے اگلے ماہ اپنی مرد اور خواتین کی کرکٹ ٹیموں کو پاکستان بھیجنے کے فیصلے سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا ۔

Comments are closed.