شعیب اختر کا چیئرمین پی سی بی بننے کا خیالی پلاؤ

47 / 100

اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک) شعیب اختر نے کچھ عرصہ قبل مصباح الحق کی جگہ ہیڈ کوچ یا چیف سلیکٹر بنائے جانے کیلئے آفر ملنے کی خبر دی تھی لیکن وہ پوری نہ ہوئی اب کہتے وہ چیئرمین پی سی بی کے سوا کوئی عہدہ قبول نہیں کریں گے.

ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں سابق فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ ٹاپ پر رہنے کا خواب دیکھا ہے، بورڈ میں بھی کسی عہدے پر کام کیا تو وہ چیئرمین کا ہوگا.

شعیب اختر نے کہا کہ اگر میرا پالیسی بنانے میں کوئی کردار نہیں تو کسی بھی پوزیشن پر کام کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا، اگر میں چیئرمین ہوا تو اپنے سے بہتر ٹیم لاؤں گا، بہتر چیف ایگزیکٹیو کا انتخاب کروں گا.

انھوں نے خیالی انداز اپناتے ہوئے کہا کہ پی سی بی کو ایک کارپوریشن کی طرح چلاؤں گا، دنیا معیشت پر چلتی ہے، اسی انداز کا سسٹم لائیں تو معاملات آگے بڑھائے جا سکیں گے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس اچھے آل راؤنڈرز اور سپنرز ہیں،البتہ مڈل آرڈر میں مسائل ہیں، مجھے یقین ہے کہ گرین شرٹس بھارت کو شکست دینے کے ساتھ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ بھی جیت سکتے ہیں۔

شعیب اختر نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کو گزشتہ 20 سالوں میں تباہ کیا گیا، ایک تیز کھیلنے والے اور ایک آہستہ کھیلنے والے نے پاکستان کی کرکٹ تباہ کردی، میں اگر چیئرمین پی سی بی آیا تو کرکٹ بورڈ کو کمرشل بنیادوں پر چلاؤں گا۔

انہوں نے اپنے ماضی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں کرفیو توڑ کر نائٹ کلب نہیں ٹیکے لگوانے ہسپتال جاتا تھا، 1994ء میں میرے گھٹنے ختم ہوگئے تھے ،تکلیف کے نیزے پر بولنگ کرتا تھا۔

واضح رہے قومی کرکٹ ٹیم میں ڈسپلن کی بار بار خلاف ورزی کرنے والے سابق فاسٹ باؤلر اس سے قبل اپنے یو ٹیوب چینل سے ہیڈ کوچ بنائے جانے کی آفر اور خیالی پلاؤ بناتے رہے لیکن ایسی کوئی آفر سامنے نہیں آئی.

Comments are closed.