راولا کوٹ ہاکس نے کشمیر پریمئر لیگ کا پہلا ٹائٹل اپنے نام کرلیا


مظفر آباد( شہزاد شفیع ) راولا کوٹ ہاکس نے شاہد آفریدی کی قیادت میں کشمیر پریمئر لیگ 2021کا پہلا سیزن جیت لیا، فائنل میں پروفیسر حفیظ کی زیر قیادت میزبان مظفر آباد ٹائیگر کو 7رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں کھیلے گئے فائنل میں مظفر آباد ٹائیگر نے ٹاس جیت کر پہلے راولا کوٹ ہاکس کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، ہاکس کے اوپنرز بسم اللہ خان اور عمر امین نے 53 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

دونوں اوپنرز نے بالترتیب 30 اور 23 رنز بنائے،صاحبزادہ فرحان نے 28 رنز بنا کر آوٹ ہوئے حسین طلعت صرف 5 رنز پر آؤٹ ہوئے، کاشف علی نے 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔

راولا کوٹ ہاکس نے مقررہ20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 169 رنز بنائے اور حریف کو جیت کیلئے170کا ہدف دیا، مظفرآباد ٹائیگرز کے اسامہ میر اور کپتان محمد حفیظ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں مظفرآباد ٹائیگرز کے اوپنرز نے بھی جارحانہ آغاز کیا اور ابتدائی 5 اوور میں 50 رنز بنائے تاہم کپتان محمد حفیظ 54 کے مجموعی اسکور پر 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

ذیشان اشرف نے 26 گیندوں پر 4 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 46 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو ہدف کا حصول آسان بنادیا لیکن بعد میں آنے والے بلے باز دباو کا شکار ہو گئے اور یکے بعد دیگر ے وکٹیں گرتی چلی گئیں۔

خطرہ بننے والے صہیب مقصود کو شاہد آفریدی نے15 رنز آوٹ کردیا ، سہیل اختر صرف 2 رنز بنا سکے تاہم سہیل تنویر نے 21 رنز بنا کر کچھ دیر تک امیدکو زندہ رکھا ،محمد وسیم نے رن آوٹ ہونے سے پہلے12 گیندوں پر ایک چوکے اور 2 چھکوں کی مدد سے 22 رنز بنائے۔

مظفر آباد ٹائیگرز نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 162 رنز بنا سکی اور یوں فائنل ہار دیا،راولا کوٹ کے آصف آفریدی اور حسین طلعت نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، شاہد آفریدی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

آصف آفریدی کو فائنل میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا،راولا کوٹ ہاکس کے حسین طلعت مین آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے۔ ٹورنامنٹ کے بہترین بولرز کا اعزاز آصف آفریدی کو ملا جب کہ مظفر آباد ٹائیگرز کے محمد وسیم جونیئر ٹورنامنٹ کے بہترین فیلڈر قرار پائے۔

بیسٹ وکٹ کیپر کا ایوارڈ بسم اللہ خان کو ملا جبکہ میرپور رائلز کے سلمان ارشاد نے بہترین کشمیری کرکٹر کا ایوارڈ حاصل کیا،کے پی ایل فائنل کی دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

راولا کوٹ ہاکس: شاہد آفریدی (کپتان)، عمر امین، بسم اللہ خان (وکٹ کیپر)، صاحبزادہ فرحان، کاشف علی، دانش عزیز، حسین طلعت، عمران رندھاوا، آصف آفریدی، زمان خان، محمد عرفان جونیئر

مظفر آباد ٹائیگرز: محمد حفیظ (کپتان)، ذیشان اشرف (وکٹ کیپر)، صہیب مقصود، سہیل اختر، انضمام الحق، انور علی، سہیل تنویر، محمد وسیم جونیئر، اسامہ میر، عثمان ارشد، ارشد اقبال

Comments are closed.