مانسہرہ ،8ہزار فٹ بلند چوٹی "کوہ بھینگڑہ”کو سیاحتی مقام بنانے کااعلان


مانسہرہ( زمینی حقائق ڈاٹ کام) خیبر پختونخواہ کے پارلیمانی سیکرٹری بلدیات حاجی فضل الٰہی خان نے 8ہزار فٹ بلند چوٹی کوہ بھینگڑہ کو تفریح مقام کا درجہ دے کر ٹورسٹ پوائنٹ کے طور پر ترقی دینے کا اعلان کردیا ہے۔

حاجی فضل الٰہی نے مانسہرہ اور اپر تناول کے مضافات کے دورے کے موقع پر تقاریب سے خطاب کیا اور کوہ بھینگڑہ ( سری) کا دورہ بھی کیا، اس موقع پر ایک عوامی اجتماع میں اظہار خیال کرتے ہوئے انھوں نے کوہ بھینگڑہ کو سیاحتی مقام کادرجہ دینے کو اپنا ہدف قرار دیا۔

انھوں نے کہا کہ کوہ بھینگڑہ جسے مقامی زبان میں ،سری، کہتے ہیں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس پہاڑ کی اونچائی دیکھ کر لگتاہے یہ ہزارہ ڈویژن کی پگڑی ہے، یہاں سے تربیلہ جھیل، ہزارہ ڈویژ ن ، صوابی اورپنجاب کے علاقے بھی نظر آتے ہیں۔

اپر تناول پہنچنے پر ایک بچہ حاجی فضل الٰہی خان کااستقبال کرنے کیلئے ہار لئے کھڑا ہے

انھوں نے کہا کہ ، سری، کا پانی بہت شفاف اور میٹھا ہے ، مری اور ناران کاغان میں تو پانی کے مسائل رہتے ہیں لیکن اس طرف ایساکوئی مسلہ نہیں ہے ، حاجی فضل الٰہی خان نے کہا کہ اللہ کرے ہم یہ ٹورسٹ پوائنٹ بنانے میں کامیاب ہوں تو ناران جانے والے ادھر آنا شروع ہو جائیں گے۔

انھوں نے ، سری، تک سڑک نہ ہونے پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سڑک تو مقامی ایم پی اے کو بنا لینی چایئے تھی ، وہ بے شک اپوزیشن کا ہے لیکن ہم فنڈز تو اپوزیشن والوں کو بھی دیتے ہیں۔ حاجی فضل الٰہی نے کہا کہ انشاء اللہ جب ٹورسٹ پوائنٹ بنا تو سڑک بھی بن جائے گی۔

انھوں نے ٹورسٹ پوائنٹ کیلئے اس صوبائی حلقہ کی یونین کونسلوں کے افراد پر مشتمل کمیٹی بنانے کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی پشاور آئے گی میں اسے وزیراعلیٰ محمود خان سے ملواوں گا اور ہم کوہ بھینگڑہ کو سیاحتی مقام بنانے کی منظوری لے لیں گے اور پھر کوشش ہوگی اسی دور میں یہ کام ہو جائے۔

اس سے قبل سماجی کاموں کے معاون خاص ساجد حسین تنولی نے انھیں ، سری ، کا دورہ کرایا اور سیاحت کے حوالے سے اس آئیڈل جگہ ہونے کے بارے میں بریف کیا، حاجی فضل الٰہی نے مد سیریاں ، تنگو، لساں نواب، پھلڑہ ، کھلاڑے ، غازیکوٹ کے دورے کے دوران لوگوں کی دلچسبی اور شعور کو سراہا۔

قبل ازیں یوم آزادی کی مناسبت سے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول پھلڑا میں ایک پر وقار تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوص حاجی فضل الہٰی خان ہی تھے جہاں انھوں نے طلباء میں ٹرافیاں انعامات اور سکول یونیفارم تقسیم کی۔

مہمان خصوصی ہائر سکینڈری سکول میں ایک بچے کو یونیفار م دے رہے ہیں

حاجی فضل الٰہی نے دورے کے دوران مانسہرہ میں تحریک انصاف کے مقامی عہدیداروں و کارکنوں سے بھی ملاقات کی جب کہ لساں نواب میں کرکہالہ پریمئر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کابھی افتتاح کرنا تھا تاہم وقت کی کمی کے باعث وہ ادھر نہیں جا سکے ,ٹورنامنٹ میں ہزارہ ڈویژن کے علاوہ دیگر اضلاع کی ٹیمیں بھی شریک تھیں۔

حاجی فضل الہٰی کے کامیاب دورے پر حاجی صابر جیلانی، محمد بشیر سابق ناظم، پرویز، منظور گجر، محمد نیاز، رضا خان تنولی، عادل انصافی، سابق ناظم مشتاق، سردار ارشاد، محمد امتیاز، اختر تنولی، محمد نقاش، ملک رفاقت، سعید خان تنولی، ڈاکٹر محمد وزیر، محمد سرور سابق کونسلر، اشتیاق تنولی،زبیر خان،چوہدری قاسم گجر، محمد ہارون،سردار حبیب،عاطف اشرف آزاد،بختیار تنولی، محمد ندیم اور علاقے کے دیگر معززین نے سماجی و سیاسی شخصیت ساجد حسین تنولی کے مثبت کردار اور کوششوں کو سراہا۔

Comments are closed.