حکومت کورونا سے متاثرہ سکولز کیلئے فنڈ قائم کرے، آمنہ سردار


ایبٹ آباد (شکیل تنولی) سابق رکن خیبر پختون خواہ اسمبلی محترمہ آمنہ سردار نے کہا ہے کہ قوموں کی ترقی میں حصول علم پہلا زینہ ہے۔اسلام نے بھی تعلیم کی اہمیت پر خصوصی زور دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایبٹ آباد میں ایک نجی مسلم سکول ایجوکیشن سسٹم میں منعقدہ تقریب میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،

انھوں نے کہا کہ ملک میں تعلیم کے فروغ میں سرکاری تعلیمی اداروں کے شانہ بشانہ نجی تعلیمی اداروں کا بھی اہم کردار ہے ایبٹ آباد معیاری تعلیم اور سکولز کے شہر کی حثیت سے ملک بھر میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔

آمنہ سردار کا کہنا تھا کہ حکومت کورونا کے موجودہ حالات میں نجی تعلیمی اداروں کی مشکلات کے حل کے لئے خصوصی ریلیف فنڈ قائم کرے، نجی تعلیمی ادارے معیاری تعلیم کی فراہمی میں اہم رول ادا کر رہے ہیں۔

سابق خاتون ایم پی اے آمنہ سردار کا کہنا تھا کسی بھی قوم کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار تعلیم یافتہ معاشرے کی تشکیل میں مضمر ہے ۔ بنیادی تعلیم اور سہولیات کی فراہمی ریاست کی زمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ کورونا کی وباء میں جہاں ملکی معیشت ،کاروباری حلقوں اور معاشرے کے افراد کو بدحال کیا ہے وہیں نجی تعلیمی ادارے بھی معاشی عدم استحکام کا بری شکار ہوئے ہیں۔ جن کو حکومت کی جانب سے کسی قسم کا ریلیف نہ دینا سراسر زیادتی ھے۔

خیبر پختون خواہ میں نجی تعلیمی اداروں میں طلباء وطالبات کی ایک بڑی تعداد زیور تعلیم سے آراستہ ہو رہی ہے۔جو حکومت کا نصف بوجھ اپنے ناتواں کندھوں پر اٹھائے ہوئے ہے،تعلیم کے اسی معیار کو برقرار رکھنے کے لئے حکومت بھی اپنی ذمہ داری سے پوری کرے۔

انہوں نے مسلم سکول سسٹم کی معیاری تعلیم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ادارہ کے منتظمین کو مبارکباد دی، پراکٹوریل بورڈ کے تحت حلف اٹھانے والی طالبات کو مبارک باد دی اور انہیں یہ نصیحت کی کہ ایک اچھے اور ڈسپلنڈ طالبعلم ہونے کے ساتھ ساتھ اچھے شہری اور ملک و قوم کے لئے اثاثہ بنیں۔

آخر میں سابق ایم پی اے نے مون سون شجر کاری مہم کے تحت سکول میں پودا بھی لگایا،اس موقع پرسماجی شخصیت سردار ذوق، سکول کے پرنسپلز ،اساتذہ اور طلبہ بھی شریک تھے.

Comments are closed.