سابق صدر پاکستان ممنون حسین انتقال کر گئے


کراچی( زمینی حقائق ڈاٹ کام)سابق صدر پاکستان ممون حسین 81 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، بیٹے ارسلان ممنون نے والد کی موت کی تصدیق کی۔

ممنون حسین مسلم لیگ ن کے آخری دور حکومت میں صدارت کے منصب پر فائز رہے ، وہ نواز شریف کی قریبی ساتھیوں میں شامل تھے لیکن اپنے دور صدارت میں انھوں نے غیر جانبدارانہ رہ کر سب کو بہت متاثر کیا۔

ارسلان ممنون کے مطابق ممنون حسین دو ہفتوں سے نجی اسپتال میں زیر علاج اور وہ کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے،ممنون حسین نے سوگواروں میں بیوہ اور تین بیٹے چھوڑے ہیں۔

سابق صدرممنون حسین 23 دسمبر 1940 کو آگرہ شہر میں پیدا ہوئے، قیام پاکستان کے بعد ان کا خاندان پاکستان آگیا تھا وہ پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنماؤں میں سے ایک تھے اور 2013 سے 2018 تک صدر مملکت کے عہدے پر فائز رہے۔

ممنون حسین نے جامعہ کراچی سے گریجویشن اور انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن سے ماسٹرز کیا،60 کی دہائی میں کراچی میں کاروبار کا آغاز کیا اور بعد میں سیاست میں آگئے۔

ممنون حسین کی وفات پرصدر مملکت عارف علوی، مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چئیرمین سینیٹ مرزا آفریدی، سابق صدر آصف علی زرداری نے افسوس اور تعزیت کااظہار کیا۔

صدر عارف علوی نے کہا سابق صدر ممنون حسین کے انتقال پر افسوس ہے، دکھ کی اس گھڑی میں اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں.


صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہا کہ ہم پاکستان سے محبت کرنے والی صاحب کردار شخصیت سے محروم ہوگئے۔

Comments are closed.