کھلا بٹ، تاجروں کا پارکنگ کی جگہ مارکیٹ بنانے کیخلاف احتجاج

کھلابٹ (زمینی حقائق ڈاٹ کام )مین چوک پارکنگ کی جگہ پر مارکیٹ کی تعمیر کے خلاف تاجر برادری نے احتجاجی مظاہرہ کیا اس موقع پر تاجروں کا کہنا تھا کہ کھلابٹ کے پرامن حالات کو کشیدہ کیا جا رہا ہے.

سابق ایم پی اے گوہر نواز خان اور سابق ایم این اے بابر نواز خان نے مارکیٹ کی تعمیر کو تاجروں کا معاشی قتل اور کھلابٹ کے عوام کے ساتھ دشمنی قرار دیتے ہوئے تعمیر کو مسترد کردیا.

انھوں نے کہا کہ ہر ممکن تاجر برادری اور اپنے عوام کا تحفظ کریں گے کسی مائی کے لال کو مارکیٹ کا سنگ بنیاد نہیں رکھنے دیں گے کچھ بھی ہو ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں.

گزشتہ شام مین چوک مارکیٹ کی سرکاری پارکنگ میں 35 کروڑ روپے کے قریب کی لاگت سے تعمیر ہونے والی مارکیٹ کے سنگ بنیاد اور افتتاحی تقریب کے خلاف مین چوک مارکیٹ کی تاجر یونین نے احتجاجی مظاہرہ کیا.

تاجروں نے کالی پٹیاں باندھ رکھیں تھیں اور تاجروں کا معاشی قتل بند کرو تاجر برادری کے ساتھ ظلم نامنظور جیسی تحریر پر مبنی بینرز اور کتبے انتطامیہ اور صوبائی حکومت کے خلاف اٹھا رکھے تھے.

احتجاجی مظاہرہ سے سابق ایم پی اے گوہر نواز خان سابق ایم این اے بابر نواز خان سابق تحصیل ناظم سلیم خان تنولی سابق ممبر ضلع کونسل عظمت خان ترین اور صدر آل ٹریڈر ایسوسی ایشن مین چوک فیصل خان سمیت دیگر نے خطاب کیا.

مقررین نے کہا کہ ہم متاثرین تربیلہ ڈیم ہیں ہمارے لوگوں کے ساتھ ظلم بند کیا جائے ہر صورت میں اپنے تاجروں اور عوام کا تحفظ کریں پارکنگ کی جگہ پر مارکیٹ کی قبضہ مافیا کی چال ہے جسے کامیاب نہیں ہونے دیں گے.

انھوں نے کہا ہم تاجر برادری کے ساتھ ہونے والے ظلم کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے انصاف نہ ملا تو بزور بازو روکنے کی جرات رکھتے ہیں جو لوگ مین مسجد کی تعمیر کے خلاف آگئے تھے آج وہ مین چوک پارکنگ پر قبضہ کرنے آچکے ہیں.

انھوں نے کہا اپنے عوام کا تحفظ کرنا بخوبی جانتے ہیں متاثرین قوم کے دشمن آج اپنے لوگوں پر ظلم کے پہاڑ گرانے کے چکروں میں ہیں جن کا ہر مقام پر مقابلہ کیا جائے گا.

گوہر نواز خان نے کہا سرکاری قبرستان سیکٹر نمبر 3 کے لیے اراضی فراہم کروائی جس کا پراسز مکمل ہوچکا تھا عوام دشمنوں نے اپنے غریب عوام کے ساتھ ظلم کرتے ہوئے سرکاری قبرستان کا اراضی کینسل کروائی.

گوہر نواز خان نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ مارکیٹ میں کھدائی کے لیے کھڑی مشین کو نکال دیں ورنہ عوام کا ہجوم اس مشین کو خود ہٹانے پر مجبور ہوں گے جس پر انتظامیہ نے فوری طور پر مشین کو مارکیٹ سے نکال دیا.

کھلابٹ مین چوک کے مقام پر ایک ہی ایک ہی وقت پر دو پروگراموں نے کھلابٹ کے پرامن حالات کو سخت کشیدگی میں دھکیل دیا شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کو سنجیدگی اختیار کرنی ہوگی بصورت دیگر حالات خراب ہو سکتے ہیں.

Comments are closed.