عمران خان نے سودا کیا پھر کشمیر پر خاموشی اختیارکرلی، مریم نواز


شاردہ( زمینی حقائق ڈاٹ کام)مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان پر الزام لگایا ہے کہ انھوں نے ٹرمپ سے ملاقات میں کشمیر کا مقدمہ ہار دیا اور سودے بازی کرلی ہے۔

وادی نیلم کے علاقے شاردہ میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ آپ کو یاد ہے عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدام پر دو منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کا کہا تھا لیکن اس کے بعد وہ خود خاموش ہو گئے۔

انھوں نے کہاعمران خان کو کشمیر سے کوئی دلچسپی نہیں ہے اور اگر کشمیر آزاد ہوا تو نواز شریف کے دور میں ہی آزاد ہو گا آج شاردہ جلسہ میں شریک ہر شخص کی آنکھوں میں نوازشریف کا عکس دیکھ رہی ہوں۔

انھوں نے کہا ہم آزاد کشمیر کا الیکشن کسی کو چرانے نہیں دیں گے وہ مسلم لیگ ن تبدیل ہو گئی جو مصلحت سے کام لیتی تھی آج کارکن اپنے حق پر پہرا دیتے ہیں انھوں نے کہا کہ آپ لوگوں کو ڈسکہ کا الیکشن یاد ہوگاتب بھی ن لیگ نے ایسا ہی کیاتھا۔

مریم نواز نے کہا کہ آپ لوگوں نے مسلم لیگ ن کو صرف ووٹ نہیں دینا بلکہ اپنے ووٹ اورنتائج کے اعلان تک پہرا بھی دیناہے تاکہ کوئی نتائج تبدیلی کی کوشش نہ کرسکے، آپ نے آخری وقت تک بیٹھے رہنا ہے۔

انھوں نے کہا کہ کل رات کیرن میں گزاری ہے اور رات دریا کنارے بیٹھے مقبوضہ کشمیر کو دیکھتے ہوئے سوچ رہی تھی کہ کب کشمیر آزاد ہوگا انھوں نے کہا کہ نواز شریف بھی کشمیر کابیٹا ہے اور میر ی رگوں میں بھی کشمیرکا خون دوڑ رہاہے۔

سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی نے کہا کہ عمران خان نے مہنگائی کے نام پر عوام پر عذاب مسلط کردیاہے اب لوگوں کو نواز شریف یاد آتاہے، بجلی ، آٹا،چینی اور دیگر اشیائے خوردو نوش کی قیمتیں یاد آتی ہیں، سی پیک یاد آتاہے۔

ان کاکہنا تھاکہ میں پہلی بار شاردہ آئی ہوئی لیکن آپ نے اگر مسلم لیگ ن کو جتوا دیا تو آپ سے وعدہ کرتی ہوں یہاں یونیورسٹی بھی بنے گی اس موقع پر انھوں نے کشمیر کے حق میں نعرے بھی لگوائے ۔

Comments are closed.