وادی نیلم کار حادثہ ،دریا سے4لاشیں نکالی گئیں، 2کی تلاش جاری


وادی نیلم( زمینی حقائق ڈاٹ کام)آزاد کشمیر سیر کیلئے آنے والی نارووال کی فیملی کو حادثہ، گاڑی حادثہ کے بعد دریائے نیلم میں جا گری جس کے نتیجہ میں چھ افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جب کہ ا2 کو بچا لیاگیاہے۔

حادثہ کا شکار ہونے والے خاندان کے افراد میں 2 بھائی ان کی بیویاں، والدہ اور دو بچے شامل تھے،ذرائع کے مطابق احمد اور علینہ کو بچا لیا گیا جبکہ باقی تمام افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

سیاح فیملی کی گاڑی کو دریائے نیلم جورا کے مقام پر حادثہ پیش آیا جس کے بعد وہ دریا میں جاگری ، دو بچے معجزانہ طور پر بچ گئے، حادثہ پیش آنے کی کوئی وجہ سامنے نہیں آسکی۔

محلہ اسلام پورہ کے رہائشی ارشاد حسین کے اہل خانہ کے مطابق نادر کامران، مدیحہ ان کے بچے احمد ،علینہ ،طیبہ اور ایک بچی کا نام معلوم نہیں ہو سکا،نادر کامران کا بھائی اعظم رضوان اس کی بیوی عائشہ اور ان کی والدہ پروین اختر ایک روز قبل سیر کیلئے گھر سے نکلے تھے۔

جاں بحق ہونے والے افراد کے حادثہ کی اطلاع نارووال گھر پہنچنے پر پورے محلے میں کہرام مچ گیا اورہر آنکھ اشک بار ہے۔ اہل خانہ ذرائع کے مطابق ایک بچی جس کا نام معلوم نہیں ہوسکا اور اعظم رضوان کی بیوی عائشہ پانی میں بہہ گئیں ہیں۔

حادثہ کا شکار ہونے والے چار افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں اور نارووال سے ان کے اہل خانہ جائے وقوعہ پر لاشیں وصول کرنے کیلئے روانہ ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق شناختی کارڈ سے جاں بحق ایک شخص کی شناخت نادر کے نام سے ہوئی جس کا پتہ لاہور کا ہے اور وہ اس خاندان کا سربراہ معلوم ہوتا ہے، یہ لوگ لاہور سے سیاحت کی غرض سے آئے تھے۔

Comments are closed.