کینیڈا میں 7پاکستانیوں کی موت حادثہ کا نتیجہ ہے ، ترجمان دفتر خارجہ


اٹاوا( ویب ڈیسک )کینیڈا میں ایک پاکستانی خاندان کے گھر میں آگ لگنے سے 7پاکستانی جاں بحق ہو گئے ہیں ، مرنے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آتشزدگی کا واقعہ کینیڈا کے صوبے البرٹا کے ایک گھر میں پیش آیاہے ، اس سے قبل کینیڈا میں چار پاکستانی ایک دہشتگرد نے ٹرک تلے روند کر قتل کردیئے تھے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیاہے کہ آتشزدگی واقعہ کے بعد متعلقہ حکام نے بتایا ہے کہ واقعہ میں 4بچوں سمیت پانچ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن کو اسپتال منتقل کردیا گیاہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق مرنے والوں میں سے دو کی شناخت امجد کمال اور رافعہ راشد کے ناموں سے ہوئی ہے جب کہ اسپتال پہنچانے جانے والے زخمیوں میں ایک خاتون ہیں۔

دوسری طرف ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کینیڈا میں 7 پاکستانیوں کی المناک ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس واقعے میں کوئی مجرمانہ ہاتھ ملوث نہیں ہے اور یہ ایک حادثہ ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہماری دعائیں، ہمدردیاں المناک واقعے کے شکار افرادکے اہلخانہ کیساتھ ہیں، حقائق جاننے کے لیے ہمارا قونصل خانہ بھی متعلقہ کینیڈین حکام سے رابطے میں ہے۔

زاہد حفیظ چوہدری نے واقعے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈین حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات کا علم تاحال نہیں ہوسکا ہے تاہم رپورٹ موصولی پر وہ آگاہ کریں گے۔

Comments are closed.