میں بھی قانون توڑوں تو پولیس میرے خلاف ایکشن لے، وزیراعظم


اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے قانون سے کوئی بالا تر نہیں ہے، اگر میں بھی قانون کی خلاف ورزی کروں تو میرے خلاف ایکشن لیں، ورنہ میں ایکشن لوں گا۔

وزیراعظم نے اسلام آباد میں سیف سٹی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پولیس کے ایگل اسکواڈ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پولیس کا کام غریب لوگوں کو پکڑ کرجیلوں میں ڈالنا نہیں بلکہ پولیس کا کام قانون پرعمل داری یقینی بنانا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ طاقت ور طبقے اور قانون توڑنے والوں کے لیے پولیس کو سخت ہونا چاہیے،اگر وہ خود بھی قانون توڑیں تو پولیس کو کارروائی کرنی چاہیے، انھوں نے کہا پولیس امن و امان قائم کرنے میں اہم کرداراداکرتی ہے۔

وزیراعظم نے اس موقع پر کہا پولیس کے اندر کمزور طبقے کے لیے رحم ہونا چاہیے اور طاقتور طبقے، قانون توڑنے والوں کے لیے پولیس کو سخت ہونا چاہیے،اگر میں بھی قانون توڑوں تو پولیس کارروائی کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اس لیے پیچھے رہ گئے ہیں کہ طاقتور اور کمزور کے لیے الگ الگ قانون ہے، معاشرے میں انصاف و قانون کے فقدان سے ہم دنیا سے پیچھے رہ گئے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے معاشرے میں امن تب ہوتا ہے جب طاقتور قانون کے نیچے آتا ہے، جس معاشرے میں امن ہو وہاں ترقی ہوتی ہے۔

وزیراعظم نے پولیس کو باور کرایا کہ ملک میں کوئی قانون سے بالا تر نہیں، قانون کی خلاف ورزی کروں تو میرے خلاف بھی کارروائی کی جائے، میرے خلاف کارروائی نہیں کی تو میں آپ کے خلاف کروں گا۔

Comments are closed.