محمد عامر کی واپسی ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے سے مشروط،مزاکرات جاری


لاہور( سپورٹس ڈیسک)ناراض ہو کر ریٹائرمنٹ لینے ولے فاسٹ باولر محمد عامر کو واپس لانے کی کوششیں شروع ہو چکی ہیں تاہم انھیں بتایا گیاہے کہ واپسی ہوئی تو ٹیسٹ کرکٹ بھی کھیلنا ہوگی۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کا ایک یوٹیوب انٹرویو میں کہنا تھا کہ حال ہی میں انگلینڈ میں میری عامر سے بات ہوئی، جس میں ان پر واضح کیا ہے کہ جو راستہ انھوں نے اختیار کیا وہ ایک سینئر پلیئر کیلئے درست نہیں ہے۔

وسیم خان نے محمد عامر کو بتایا کہ وہ اب بھی پاکستانی ٹیم کے لیے ایک اہم کھلاڑی ہیں اور کرکٹ بورڈ ان کے اور کوچز کے درمیان صلح کرانے کی کوشش کرے گا۔

وسیم خان نے محمد عامر کی قومی ٹیم میں دوبارہ واپسی کے حوالے سے کوئی ٹائم فریم نہیں دیا ہے تاہم ذرائع کا کہناہے کہ محمد عامر کی واپسی کو ٹیسٹ کرکٹ سے مشروط کیا گیاہے اور اس سلسلہ میں مزاکرات جاری ہیں۔

ذرائع کا کہناہے کہ محمد عامر بھی ریٹائرمنٹ واپس لینے کیلئے تیارہیں تاہم وہ فیس سیونگ کیلئے اچھی پیشکش کے منتظر ہیں ، محمد عامر کو باور کرایا گیاہے کہ وہ ابھی نوجوان ہیں کسی طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا نہ سوچیں۔

واضح رہے کہ فاسٹ بولر محمد عامر ٹیم مینجمنٹ کے رویے کو وجہ قرار دیتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرہوگئے تھے اور گزشتہ دنوں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے بھی ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ محمد عامر کو ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لینے کی کوشش کرنے کاکہا تھا۔

Comments are closed.