چین نے سابق امریکی وزیرخارجہ پومپیو اور 28عہدیداروں پر پابندیاں لگا دیں


بیجنگ: سابق امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو اور ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کے 28 اہم عہدیداروں پر چین نے پابندیاں عائد کردی ہیں۔

اس حوالے سے چین کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے دور صدارت میں اہم عہدوں پر فائز رہنے والے 28 افراد پر پابندیاں اس لیے عائد کی گئی ہیں وہ کہ چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت کررہے تھے۔

ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے جن افراد پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں انہوں نے چین کے مفادات کے خلاف منصوبہ بندی کی اور مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

بیان میں کہاگیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کے ان اقدامات سے چینی عوام میں اشتعال پھیلا اور چین امریکا تعلقات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

ترجمان نے وضاحت کرتے ہوئے مزید بتا یا کہ پابندی کے شکار افراد اور ان کے اہلخانہ پر چین، ہانگ کانگ اور مکاو میں داخلے پر پابندی لگائی گئی ہے۔

چین کی طرف سے جن امریکییوں پر پابندی لگائی گئی ہے ان افراد میں سابق وزیرخارجہ مائیک پومپیو سرفہرست ہیں جب کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے متعدد مشیر بھی اس فہرست کا حصہ ہیں۔

Comments are closed.