وزیراعظم نے ندیم افضل چن کا استعفیٰ منظور کر لیا

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اپنے ترجمان اور معاون خصوصی ندیم افضل چن کا استعفیٰ منظور کر لیا ہےاور اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

کابینہ ڈویژن نے وزیراعظم کی طرف سے استعفیٰ منظور کئے جانے کے بعد استعفے کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ندیم افضل چن کے استعفے کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ندیم افضل چن نے مختلف معاملات پر اختلاف کے باعث دونوں عہدوں سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

ندیم افضل چن نے اپنا استعفی وزیراعظم کو بھجوایا ہے۔ ندیم افضل چن کے پاس معاون خصوصی برائے پارلیمانی روابط کا عہدہ بھی تھا۔

یاد رہے کہ وزیراعظم نے گزشتہ روز کہا تھا جو حکومتی پالیسی نہیں مانتا وہ مستعفی ہوجائے اور عمران خان کی آواز کا جواب ایک استعفیٰ کی صورت میں سامنے آ یا۔

اس سے قبل کوئٹہ میں جاری کان کنوں کے لواحقین کے دھرنے میں وزیر اعظم کے نہ جانے کے فیصلے اور حکومتی پالیسی پر ندیم افصل چن نے ٹوئٹر پر بھی تحفظات کا اظہار کیا تھا.

ندیم افضل چن اس قبل بھی حکومتی پالیسی پردبے الفاظ میں ناپسندیدی کا اظہار بھی کرتے رہے ہیں۔

ندیم افضل چن ہزارہ برادری کے پاس وزیراعظم کے تاخیر سے جانے کے بھی ناقد تھےاور انھوں نے ملک میں ہزارہ والوں کے حق میں دھرنوں کی مخالفت بھی نہیں کی۔

8 جنوری کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں ندیم افضل چن نے کہا تھا کہ ’‏اے بے یار و مدد گار معصوم مزدوروں کی لاشوں، میں شرمندہ ہوں‘۔

یاد رہے کہ ندیم افضل چن نے 18 اپریل 2018 کو پیپلزپارٹی چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔

Comments are closed.