وزیر اعظم عمران خان کا آزاد کشمیر کا دورہ، متاثرین کی عیادت، بریفنگ لی

مظفر آباد (زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیر اعظم عمران خان نے آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری سے متاثر علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین سے ملے۔

وزیر اعظم عمران خان کے دورہ کے دوران صدر آزاد کشمیر مسعود خان،وفاقی وزیر برائے کشمیر امور علی امین گنڈا پور اور چیف سیکریٹری آزاد کشمیر بھی ہمراہ تھے، وزیر اعظم کو برفباری اور بارش سے ہونے والے نقصان پر بریفنگ دی گئی ۔

وزیراعظم نے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال مظفرآباد کا بھی دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی، حکام کا کہنا تھا کہ شدید برفباری کے سبب وادی کے کچھ علاقوں تک اب بھی رسائی ممکن نہیں جس کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ہے.

گزشتہ روز وادی نیلم کی خراب صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعظم نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شہریوں کو یقین دہانی کرائی تھی کہ حکومت نے صورتحال کا نوٹس لے لیا ہے اور عوام کو ریلیف اور معاونت فراہم کرنے کے لیے ایمرجنسی بنیادوں پر کام کیا جا رہا ہے۔

وزیر اعظم نے شدید برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ آزاد جموں کشمیر میں موت اور تباہی کا پیغام لے کر آئی، میں نے آزاد جموں وکشمیر کے عوام کو ہنگامی بنیادوں پر امداد کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی، فوج اور تمام وفاقی وزارتوں کو ہدایات جاری کی تھیں ۔

آزاد جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر 76 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ بلوچستان میں 20 اور سیالکوٹ سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی 7 افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں ۔

Comments are closed.