بلاول بھٹو زرداری کے انتخابی گوشوارے میں تضاد سامنے آگیا

فوٹو : فائل

اسلام آباد(ویب ڈیسک)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے انتخابی گوشوارے میں تضاد سامنے آگیا، الیکشن کمیشن نے  بلاول بھٹو  کو 15 روز کے اندر انتخابی گوشواروں میں تضاد دور کرنے کی ہدایت کردی۔

قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کے گوشواروں میں تضاد سے متعلق کیس پر سماعت کی جس سلسلے میں بلاول کی جانب سے فاروق ایچ نائیک الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔

الیکشن کمیشن نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کو 14 جنوری کو طلب کیا جبکہ فاروق ایچ نائیک نے الیکشن کمیشن کے اختیار پر اعتراض اٹھا تے ہوئے کہا کہ الیکشن ایکٹ کے تحت الیکشن کمیشن گوشواروں میں تضاد پر کارروائی نہیں کرسکتا۔

فاروق ایچ نائیک کے اعتراض پر الیکشن کمیشن کے ممبر ارشاد قیصر نے کہا کہ کوئی رکن اثاثے چھپائے یا غلط بیانی کرے تو کرپٹ پریکٹسز کے تحت کارروائی بنتی ہے۔

فاروق ایچ نائیک نے مؤقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن تضاد پر صرف وضاحت مانگ سکتا ہے، اثاثوں میں تضاد کو کرپٹ پریکٹسز کے ساتھ جوڑنا درست نہیں۔

الیکشن کمیشن نے مختصر سماعت کے بعد بلاول بھٹو زرداری کو کو 15 روز میں تضاد دور کرنے کی ہدایت کردی اور کیس کی مزید سماعت 6 فروری تک ملتوی کردی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.