وزیر خارجہ شاہ محمود کی گورنر مشہد سےملاقات،امام رضا کے مزار پرحاضری

فوٹو : فائل

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایران ، امریکہ کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر سفارتی کوششوں کے سلسلہ میں ایران میں ہیں اور بعد میں سعودی عرب جائیں گے ۔

وزیرخارجہ کو اس دورے کی خصوصی ہدایت وزیراعظم عمران خان نے دی ہے، وزیر خارجہ ایران میں اپنے  ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ملاقات کریں گے اور ان سے مشرق وسطیٰ اور  خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کےمشہد پہنچنے پرگورنر مشہد علی رضا رزم حسینی سے ملاقات کی ۔شاہ محمود قریشی نے امام رضا کے مزار پرحاضری دی اور پاکستان کی سلامتی اور امت مسلمہ کی یکجہتی کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔

اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہاکہ اس مقدس مقام سے اپنے دورے کا آغاز کرنا ان کیلئے باعث اعزاز ہے ۔انہوں نے ہرسال مزار پر حاضری دینے والے تیس لاکھ پاکستانی زائرین کیلئے بہترین انتظامات کرنے پر گورنر مشہد کا شکریہ ادا کیا ۔

وزیرخارجہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایات پر یہ دورہ کررہے ہیں۔اس دوران وہ تہران میں اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال پر بات چیت کریںگے ۔

شاہ محمود قریشی کل ریاض بھی جائیںگے جہاں وہ سعودی وزیرخارجہ شہزاد فیصل بن فرحان کے ساتھ علاقائی امن وسلامتی کے امور پر غور کریںگےاور ایران امریکہ کشیدگی سمیت علاقائی امن و استحکام کے موضوعات پرتبادلہ خیال کریں گے.

ایران روانگی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود کا کہنا تھا کہ حالیہ پیش آنے والے واقعاتِ کے تناظر میں، خطے کے امن و سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے ، کشیدگی میں کمی لانے اور مسائل کے پرامن حل کے لیے فوری اور اجتماعی کاوشوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ اوردوسرے رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتوں میں پاکستان کے نقطہء نظر  سے آگاہ کروں گا ۔

شاہ محمود قریشی کاکہنا تھاکہ تناؤ کی اس کیفیت کو اعتدال پر لانے اور کشیدگی میں کمی لانے کیلئے سفارتی ذرائع سے مسائل کاحل تلاش کرنے کی  کوششوں کی حمایت کی جائے۔

ایران اور سعودی عرب کے اس دور ے میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ ہیں.

Comments are closed.