کوئٹہ، مسجد میں دھماکا، ڈی ایس پی سمیت 13 افراد جاں بحق، 19 زخمی

کوئٹہ(ویب ڈیسک)کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن اسحاق آباد میں مسجد کے اندر دھماکے کے نتیجے میں ڈی ایس پی امان اللہ سمیت 13 افراد شہید جب کہ19زخمی ہوگئے.

پولیس کے مطابق دھماکا نماز مغرب کی ادائیگی کے فوراً بعد ہوا۔ ترجمان سول اسپتال کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے 16 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

دھماکہ کے بعد امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو فوراً سول اسپتال منتقل کیا جب کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دھماکے کی جگہ کو گھیرے میں لیکر شواہد اکھٹے کرنا شروع کردیے ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے غوث آباد سٹیلائٹ ٹاون میں مسجد کے اندر بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے.

وزیراعلیٰ بلوچستان نے دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے جب کہ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے بھی مسجد کے اندر دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے دھماکے میں ڈی ایس پی امان اللہ سمیت 13 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی، ان کا کہنا تھا کہ دھماکے میں 19 افراد زخمی بھی ہوئے۔

دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نفری جائے وقوع پر پہنچی جبکہ ریسکیو عملے نے زخمیوں کو سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کیا.

واضح رہے کہ چند روز قبل کوئٹہ میں ڈفرن اسپتال کے قریب زور دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہوگئے تھے، دھماکے میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

Comments are closed.