مانسہرہ ،بچے سے زیادتی کے ملزم قاری شمس الدین کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ

فوٹو:ٹوئٹرمحسن مصطفیٰ

مانسہرہ(زمینی حقائق ڈاٹ کام) 10 سالہ بچے سے زیادتی کیس میں گرفتار ہونے والےاستاد قاری شمس الدین کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

مانسہرہ میں پولیس نے ملزم کو سخت سیکورٹی میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا اور 14 دن کے ریمانڈ کی استدعا کی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے 14 روز کی بجائے 5 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ملزم کو پولیس کے حوالے کردیا ہے جس سے مزید تفتیش کی جائے گی، خدشہ ہے ملزم نے کوئی اور وارداتیں بھی کی ہوں گی۔

اس موقع پر پراسیکیوٹر محسن مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ ملزم کا ڈی این اے کرایا جائے گا اور اسے تین دن تک گرفتاری سے بچانے اور پناہ دینے والوں کو بھی شامل تفتیش کیاجاسکتا ہے۔

یاد رہے چند روز قبل مانسہرہ کے ایک نواحی علاقے میں قائم ایک مدرسے میں 10 سالہ بچے سے مبینہ طور پر بدفعلی اور تشدد کا واقعہ پیش آیا جس کے الزام میں استاد قاری شمس الدین کو گرفتار کیا گیا ہے۔

اس واقعے کے بعد پولیس نے مدرسہ کو سیل کردیا تھا۔ بچے پر اس قدر بہیمانہ تشدد کیا گیا کہ اس کی آنکھوں پر زخم پڑگئے اور سرخ ہوگئیں اور بچہ کو اے ایم سی ایبٹ آباد پہنچایا گیا تھا.

مدرسے کی انتظامیہ کی جانب سے ملزم کی گرفتاری میں رکاوٹیں ڈالی گئیں اور جے یو آئی رہنما مفتی کفایت اللہ کا کہنا ہے کہ زیادتی قاری شمس الدین نے نہیں کی بلکہ کسی دوسرے طالب علم نے بچے پر تشدد کیا ہے۔

دوسری طرف آر پی او ہزارہ ریجن ڈاکٹر مظہر الحق کاکا خیل نے گزشتہ روز ایوب میڈیکل کمپلیکس میں جنسی زیادتی کے شکار حافظ قرآن بچے یاحوس کی عیادت کی اور بچے کے والد کوہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی .

Comments are closed.