ادارے اپنے آئینی اور قانونی دائرہ میں رہ کر فرائض انجام دیں،وزیراعظم

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے ادارے اپنے آئینی اور قانونی دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے فرائض سر انجام دیں، اداروں کے درمیان کسی قسم کا تصادم پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے۔

عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سابق صدر پرویز مشرف کیس سے متعلق عدالتی فیصلے کا جائزہ لیا گیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر بھی مشاورت کی گئی۔

پی ٹی آئی کور کمیٹی نے اداروں کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے کے لئے کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزراء کو عدالتوں کے فیصلوں پر بیانات دینے سے روک دیا۔

اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت قانون اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے لیکن اداروں کے درمیان کسی قسم کا تصادم پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے.

انھوں نے کہا ادارے اپنے آئینی اور قانونی دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے فرائض سر انجام دیں، حکومت آئینی اور قانونی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں معاونت کو یقینی بنائے گی۔

وزیراعظم نے کہا ہمیں اتحاد یکجہتی سے قومی مسائل کو حل کرنا ہوگا، بیرونی قوتیں پاکستان کو کمزور کرنے کے لئے جن سازشوں میں مصروف ہیں ان میں ناکامی ہو گی، افواج پاکستان نے ملک کو پر امن بنانے کے لئے لازوال قربانیاں دیں۔

دریں اثناء کھاد کی قیمتوں میں اضافہ کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر 6 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی، کمیٹی کھاد کی قیمتوں میں کمی کے لئے سفارشات مرتب کرے گی.

کمیٹی کا پہلا اجلاس 20 دسمبر کو طلب کر لیا گیا۔ وفاقی وزیر نیشنل فوڈ خسرو بختیار اور مشیر تجارت کمیٹی میں شامل ہیں جب کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی، وزیر توانائی اور پٹرولیم ڈویژن کے حکام بھی کمیٹی کے ممبران ہوں گے۔

Comments are closed.