مشرف فیصلہ پر چیف جسٹس سے منسوب خبر بے بنیاد ہے، ترجمان سپریم کورٹ

اسلام آباد (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے سابق صدر  پرویز مشرف سے متعلق خصوصی عدالت کے فیصلہ پر چیف جسٹس سے منسوب خبروں کو بے بنیاد قرار دیدیا۔

ترجمان سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بعض ٹی وی چینلز اور اخبارات میں چیف جسٹس سے منسوب غلط خبر چلائی ہے جس سے تاثر گیا کہ جیسے پرویز مشرف کے مقدمے میں چیف جسٹس ذاتی دلچسپی رکھتے تھے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ چیف جسٹس سے منسوب چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں، اب عدالت کی یہ وضاحت بھی اس طرح چلائی جائے جیسے غلط خبر چلائی گئی۔

یہ وضاحت ضروری ہے کہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف سے متعلق سپریم کورٹ نے مختلف فیصلے دیئے لیکن اس متعلقہ کیس کے حوالے سے چیف جسٹس نے خصوصی عدالت کو کوئی ہدایات جاری نہیں کیں۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ خصوصی عدالت سے متعلق شائع خبریں من گھڑت ہیں، ایسے موقع پر ایسی خبریں جان بوجھ کر گھڑی گئی ہیں، چلنے والی خبریں سیاق و سباق سے ہٹ کر اور حقائق کے منافی ہیں۔

واضح رہے گزشتہ روز  اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے اپنے مختصر فیصلے میں پرویز مشرف کو سزائے موت سناتے ہوئے کہا ہے کہ سابق صدر پر آئین کے آرٹیکل 6 کو توڑنے کا جرم ثابت ہوتا ہے۔

Comments are closed.