مشرف کو سزائے موت جمہوریت کی طرف سفر کاپہلا قدم ہے، بلاول

فوٹو : فائل

اسلام آباد(ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پرویز مشرف کو سزائے موت کے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ کہا تھا نا جمہوریت بہترین انتقام ہے ۔

پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کے فیصلے کے بعد گھوٹکی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج کا فیصلہ تاریخی فیصلہ ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ یہ فیصلہ جمہوریت کی طرف پاکستان کے سفر کا پہلا قدم ہے اور آنے والے زمانے کے لیے پیغام ہے کہ کوئی آمر اس قسم کا غیر جمہوری قدم نہيں اٹھاسکے گا۔

آج ہی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں بلاول نے اپنی والدہ بے نظیر بھٹو کے جلسے سے خطاب کی تصویر لگائی اور لکھا کہ "جمہوریت بہترین انتقام ہے ، جئے بھٹو

یاد رہے کہ آج ہی اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کو سزائے موت کا حکم سنایا ہے۔

Comments are closed.