وکیل رہنما کی میڈیا کو دھمکی، اسلام آباد ہائیکورٹ داخل نہیں ہونے دوں گا


ویڈیو : ٹوئٹر طیب خان

اسلام آباد (زمینی حقائق ڈاٹ کام)اسلام آباد کے وکلاء بھی لاہور میں اسپتال پر حملہ کرنے والے جتھے کے حق میں وکالت کرنے لگے، ڈاکٹروں کے بعد میڈیا کے خلاف کارروائی کی دھمکی دے دی.

اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے جنرل سیکریٹری عمیر بلوچ نے کہا میں میڈیا کو وارننگ دیتا ہوں کہ وہ وکیلوں کو بھی دکھائیں ورنہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے میں صحافیوں کے داخلہ پر پابندی لگا دوں گا.

عمیر بلوچ نے کہا کہ میڈیا صرف ڈاکٹرز دکھاتا ہے تو ہمیں تکلیف ہوتی ہے، وکلاء پرُ امن احتجاج کرنے پی آئی سی گئے تھے، ڈاکٹروں کے حملے کی وجہ سے مشتعل ہوئے۔

جنرل سیکریٹری اسلام آباد ہائیکورٹ بار کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہرمن اللہ نے ہمیں احتجاج نہ کرنے کا کہا، ہم نے جواب دیا کہ جب آپ احتجاج کرتے تھے تو ہم آپ کے پیچھے چلتے تھے، آج ہم احتجاج کرتے ہیں تو کیا ٹھیک نہیں ہے؟

گزشتہ روز وکلاء کی جانب سے لاہور میں دل کے اسپتال (پی آئی سی) پر حملہ کر کے توڑ پھوڑ کی گئی تھی اور اس ہنگامہ آرائی کے دوران ایک خاتون سمیت 3 مریض انتقال کر گئے تھے۔

پی آئی سی میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے الزام میں پولیس نے تاحال 50 وکلاء کو گرفتار کر لیا ہے گرفتاریوں کے خلاف آج پنجاب بھر میں وکلاء کی جانب سے ہڑتال کی گئی ہے.

اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے جنرل سیکریٹری عمیر بلوچ کے اس دعویٰ کے بر عکس کہ وکلاء پرامن احتجاج کرنے گئے تھے اسپتال کی جانب مارچ کرنے والے وکلاء کی دھمکی آمیز ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے.

وکلاء خود  یہ کہتے ہوئے جا رہے ہیں ڈاکٹر ہمارا لشکر دیکھو، آج تمہارا بائی پاس کریں گے تجھے سٹنٹ ڈالیں گے اور اسپتال پر جاتے ہی توڑ پھوڑ اور مارپیٹ شروع کر دی گئی.

میڈیا پر ڈاکٹر کی طنز بھری تقریر کی ویڈیو بھی دکھائی گئی ہے جس میں اشتعال انگیز تقریر اور طنز کیا گیا ہے لیکن زبانی طنز اور قانون ہاتھ میں لینے کے فرق کو سمجھنے کی بجائے وکلاء اب میڈیا کو وارننگ دینے لگ گئے ہیں.

Comments are closed.