آصف علی زرداری کی ضمانت منظور، رہا کرنے کا حکم

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری کی ضمانت منظور رہا کرنے کا حکم، اسلام آباد ہائیکورٹ نے طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کی.

چیف جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس عامرفاروق پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے دورکنی خصوصی بنچ نے میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین کیسز میں آصف زرداری اور فریال تالپور کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔

نیب پراسیکیوٹر جہانزیب بھروانہ اور آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک پیش ہوئے۔ عدالت کے حکم پر نیب پراسیکوٹر جہانزیب بھروانہ نے آصف زرداری کی میڈیکل رپورٹ پڑھ کر سنائی۔

میڈیکل بورڈ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ آصف علی زرداری دل کے عارضے سمیت مختلف قسم کی بیماریوں میں مبتلا ہیں، انہیں شوگر کی بیماری بھی لاحق ہے۔

عدالت نے دونوں مقدمات میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین کیسز میں آصف زرداری کی طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک ایک کروڑ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے آصف زرداری کی ضمانت ایک کروڑ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کرتے ہوئے انہیں ضمانتی مچلکے داخل کرانے کی ہدایت کی ہے۔

ضمانت سے قبل سابق صدر آصف علی زرداری جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں قید تھے جنہیں طبیعت ناساز ہونے پر 23 اکتوبر کو پمز منتقل کیا گیا تھا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت کے لیے درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی تھی۔

اس سے چند دن پہلے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے آصف علی زرداری کے لیے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈٹ (ایم ایس) کو نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔

Comments are closed.